نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تا پشاور موڑ 25.6 کلومیٹر میٹرو بس منصوبہ کی تکمیل نومبر تک متوقع ہے، ترجمان این ایچ اے

پیر 21 اگست 2017 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تا پشاور موڑ 25.6 کلومیٹر میٹرو بس منصوبہ کی تعمیر کا کام بلا روک ٹوک جاری ہے جس کی تکمیل رواں سال نومبر تک متوقع ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) کے ترجمان کاشف زمان نے پیر کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ منصوبہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے 15 ارب روپے کے منصوبہ کو 4 پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پیکیج ون میں پشاور موڑ سے نسٹ، پیکیج II میں نسٹ سے جی ٹی روڈ، پیکیج III میں جی ٹی روڈ تا پشاور موٹر انٹرچینج اور پیکیج IV میں موٹروے انٹرچینج تا نیو ایئرپورٹ شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پیکیج ون پر 55 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ اس حصہ پر الیکٹرو مکینیکل کام خریداری کے مرحلہ میں ہے۔

(جاری ہے)

پیکیج II میں 30 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے اور اس حصہ کا بھی الیکٹرو مکینیکل کام خریداری کے مرحلہ میں ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پیکیج III کا 19 فیصد سول ورک جبکہ پیکیج IV کا 72 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے اور ان دونوں مراحل کا الیکٹرو مکینیکل ورک خریداری کے مراحل میں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پیکیج ون 8 کلومیٹر، پیکیج II میں 3.8 کلومیٹر، پیکیج III میں 8.3 کلومیٹر جبکہ پیکیج IV میں 5.5 کلومیٹر طویل حصہ شامل ہے جن کا بالترتیب اخراجات 6.58 ارب روپے، 5.5 ارب روپے، 1.38 ارب روپے اور 1.63 ارب روپے کا تخمینہ رکھا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پیکیج IV پر گذشتہ برس جون میں کام کا آغاز کیا گیا تھا اور پیکیج II پر رواں سال مارچ میں اور پیکیج I اور II پر اپریل 2017ء میں کام کا آغاز کیا گیا۔ منصوبہ میں 9 بس سٹیشنز بشمول این ایچ اے سٹیشن، نسٹ سٹیشن، جی۔I سٹیشن، جی ٹی روڈ سٹیشن، بڈانہ کلاں سٹیشن، ایم۔1 ۔ایم 2 جنکشن سٹیشن اور ایئرپورٹ سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔ منصوبہ میں 12 پل اور 11 انڈر پاسز بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :