قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد نے پی کی48 کیلئے سردار احتشام کو چیئرمین اور رمیض گل عباسی کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا

پیر 21 اگست 2017 16:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) قومی وطن پارٹی ضلع ایبٹ آباد کے چیئرمین نے پارٹی کارکنوں کی مشاورت سے پی کی48 کیلئے سردار احتشام کو چیئرمین اور رمیض گل عباسی کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا ہے۔ قومی وطن پارٹی صوبہ کی واحد سیاسی جماعت ہے جو انتخابات میں مخلص اور نظریاتی کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ اور پارٹی کے اہم عہدے میرٹ کی بنیاد پر دیتی ہے۔

قومی وطن پارٹی سیاسی کارکنوں کے حقوق کی حقیقی داعی ہے جو مرکزی چیئرمین ملی رہبر آفتاب احمد خان شیرپائو، صوبائی چیئرمین نوجوان قیادت سکندر حیات خان شیرپائو کی سنجیدہ، مخلصانہ تجربہ کار قیادت کی بدولت مختصر وقت میں صوبہ میں منفرد اور نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی کی ضلعی چیئرمین شیخ نثار احمد نے حلقہ پی کی48 کی تنظیم سازی کے موقع پر مقامی ہوٹل میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیرپائو خاندان کی ہزارہ کے عوام کیلئے طویل گراں قدر، ناقابل فراموش خدمات کی بدولت شیرپائو خاندان سے گہری عقیدت اور محبت رکھتے ہیں، پی کے 48 میں تنظیم سازی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ شیخ نثار نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی توقع ظاہر کی کہ پی کی48 کی نوجوان قیادت جلد ہی یو سی کی سطح پر تنظیم سازی کا کام مکمل کرے گی۔

اس موقع پر انہوں نے کارکنوں کی مشاورت کے بعد قومی وطن پارٹی حلقہ پی کے 48 کیلئے چیئرمین سردار احتشام گل، جنرل سیکرٹری رمیض گل عباسی، سینئر وائس چیئرمین ملک نصیر، وائس چیئرمین شاہ زیب حمید ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار طاہر، فنانس سیکرٹری عثمان، انفارمیشن سیکرٹری سردار حامد دائود، سربراہ رضا کار تنظیم افتخار احمد، سیکرٹری ادب و ثقافت ملک صدیق، ایڈیشنل سیکرٹری سردار شہزاد، یوتھ سیکرٹری سردار زاہد، سیکرٹری سوشل میڈیا ملک نصیر، سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ فیاض، سیکرٹری لیبر منیر اور جائنٹ سیکرٹری ریاض ہوں گے۔