کامسیٹس یونیورسٹی میں عمرہ کی قرعہ اندازی کی تقریب، 28ملازمین کے عمرہ کیلئے نام نکلے

پیر 21 اگست 2017 16:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں عمرہ کی قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں 28ملازمین کے قرعہ اندازی کے ذریعہ عمرہ کیلئے نام نکلے جس میں 14 آفیسر جبکہ 14 سٹاف گریڈ کے ملازمین شامل ہیں۔ کامسیٹس یونیورسٹی نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی اس تقریب کا انعقاد انتہائی شفاف انداز سے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر کامیسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر ارشد پرویز نے قرعہ اندازی کے ذریعہ جن ملازمین کے نام نکلے ان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تمام ملازمین ادارہ کی بہتری کیلئے مزید محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ یہ ادارہ مزید ترقی کر سکے۔ اس موقع پر اس پروگرام کے انچارج سید فدا حسین شاہ نے عمرے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے توسط سے گذشتہ 7 سالوں میں 560 افراد عمرے کی سہادت حاصل کر چکے ہیں اور آئندہ چند سالوں میں یونیورسٹی کے سارے ملازمین اس پروگرام سے مستفید ہو جائیں گے۔ یہ ادارہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو ملازمین کو اتنی بڑی تعداد میں عمرہ کی سعادت سے مستفید کر رہا ہے۔