ٹی ایم او ایبٹ آباد شہر کی تین یونین کونسلوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، پشاورہائی کورٹ

پیر 21 اگست 2017 16:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) گریوٹی فلو سکیم کی غیر منصفانہ تقسیم پر پشاورہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے ٹی ایم او ایبٹ آباد کی سرزنش کرتے ہوئے ایبٹ آباد کی تین یونین کونسلوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ سرکٹ بنچ ایبٹ آباد میں رٹ نمبر 529A/17 بمقدمہ ظفر اقبال بنام گورنمنٹ آف خیبر پختونخوا کی دو رکنی بینچ جسٹس سید محمد عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی کے روبرو سماعت ہوئی۔

وکیل مدعی شبنم نواز ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گریوٹی فلو سکیم کا منصوبہ شہر کی تین یونین کونسلوں کیہال، اربن سٹی اور ملک پورہ کیلئے تھا جس سے ان تین یو سیز کی پانی کی ضروریات کا پورا کیا جانا تھا اور عدالت عالیہ نے 30 مئی 2017ء کو حکم بھی جاری کیا تھا لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا چونکہ منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے اس منصوبہ کو ایبٹ آباد کی 8 یونین کونسلوں تک پھیلا دیا جس سے ان تین یونین کونسلوں سمیت تمام یو سیز میں پانی پورا نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے اور کسی بھی یو سیز کی پانی کی ضرورت پوری نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

عدالتی سمن کے ذریعہ بلائے گئے ٹی ایم او کو دو رکنی بنچ نے حاضر ہونے کا حکم دیا تو ٹی ایم او نے غلط بیانی کی کہ پانی کے پائپ بچھائے ہوئے ہیں اور ایک دو روز میں تینوں یو سیز کو ضرورت کے مطابق پانی فراہمی شروع کر دیا جائے گی۔ ٹی ایم او کے اس غلط بیانی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم او کو 10 دنوں میں تینوں یو سیز کو روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی حکم نہ مانا گیا تو ٹی ایم او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :