پیپلزپارٹی کے مانسہرہ اور کاغان میں تاریخی جلسوں سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، وسیم خان جدون

پیر 21 اگست 2017 16:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات اور ممبر ضلع کونسل وسیم خان جدون نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مانسہرہ اور کاغان میں تاریخی جلسوں سے مخالفین کی نیندیں حرام اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں، آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہو گا۔ وہ سوموار کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاغان اور مانسہرہ میں بڑے اور تاریخی جلسوں کے انعقاد پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان، جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی، ڈویژنل صدر سید احمد حسین شاہ، ضلعی صدر ملک فاروق اور پیپلزپارٹی کے تمام کارکنوں اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ پیپلزپارٹی کے ہزارہ میں تاریخی جلسوں نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، جن لوگوں کا خیال تھا کہ ہزارہ سے پیپلزپارٹی کا صفایا ہو چکا ہے وہ یہ جلسے دیکھ کر خود پریشان ہو چکے ہیں، آئندہ دور پیپلزپارٹی کا دور ہو گا اورپارٹی خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔