صوبائی حکومت کا صحت پروگرام چار سال میں اوگی تک نہیں پہنچ پایا

پانچ لاکھ آبادی کی تحصیل اوگی کا سول ہسپتال ٹینٹوں میں قائم بھوت بنگلہ کا منظر پیش کرنے لگا

پیر 21 اگست 2017 16:00

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) صوبائی حکومت کا صحت پروگرام چار سال میں اوگی تک نہیں پہنچ پایا، پانچ لاکھ آبادی کی تحصیل اوگی کا سول ہسپتال ٹینٹوں میں قائم بھوت بنگلہ کا منظر پیش کرنے لگا ہے، ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر تک کی سہولت موجود نہیں ہے، 25 کروڑ روپے فنڈ سے اوگی تحصیل ہیڈ کوارٹرز کا منصوبہ ٹھیکیداروں کی آپس کی چپقلش اور سی اینڈ ڈبلیو مانسہرہ کی غلط حکمت عملی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔

سول ہسپتال میں ایکسرے پلانٹ خراب ہے، ٹیکنیشن کی پوسٹ خالی پڑی ہے۔ آر ایچ سی چارباغ میں بھی میل ڈاکٹر اور وارڈ بوائے کا وجود نہیں جبکہ ایکسرے مشین سمیت ہسپتال کی ایمبولینس خراب کھڑی ہے، ڈرائیور کی پوسٹیں خالی پڑی ہیں، موجودہ خراب ایمبولینس بھی ڈرائیور سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

رورل ہیلتھ یونٹ صرف لیڈی ڈاکٹر کے رحم و کرم پر چل رہا ہے، سول ہسپتال میں میل اور فی میل ٹیکنیشن دونوں نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔

علاقہ کے بلدیاتی نمائندوں، تاجر تنظیموں اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے صوبائی حکومت، رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان اور تحصیل ناظم راجہ بشیر سے اوگی کے ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگی پی ٹی آئی کے سابق صوبائی صدر سینیٹر اعظم خان سواتی کا یہ آبائی علاقہ ہے، رکن صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی کے ریجنل صدر زرگل خان رکن کی رہائش بھی اسی تحصیل میں ہے، پی ٹی آئی کی محبت میں قربانی دینے والے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان بھی اوگی کے رہائشی ہیں جبکہ نوابزادہ صلاح الدین سعید کا بھی تحصیل اوگی سے تعلق ہے لیکن اتنی قدر آور شخصیات کی پی ٹی آئی میں موجودگی کے باوجود پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے تحصیل اوگی کیلئے کوئی میگا پراجیکٹ تو درکنار چند کروڑ کے پراجیکٹ بھی نہیں دیئے جو تحصیل اوگی کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک بلکہ ناانصافی کی انتہا ہے۔

اوگی میں قائم انگریزوں کے دور کا سول ہسپتال آج کے جدید دور میں بھی ٹینٹوں میں قائم ہے، ہسپتال میں نہ لیڈی ڈاکٹر اور ایکسرے اور نہ کوئی دیگر سہولت میسر ہے۔ ہسپتال میں موجود ایکسرے پلانٹ خراب پڑا ہے، اسی طرح آر ایچ سی چارباغ میں بھی نائٹ ڈیوٹی کیلئے نہ تو میل اور نہ ہی فی میل ڈاکٹر موجود ہے، دن کو بھی صرف فی میل ڈاکٹر ہوتی ہیں، میل ڈاکٹر کی پوسٹ خالی پڑی ہے، نائٹ ڈیوٹی کیلئے حکومت نے ہسپتال میں کوئی بندوبست نہیں کیا جو علاقہ کے لوگوں سے بہت بڑی زیادتی ہے۔

اہلیان علاقہ نے حکومت سے اوگی میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے، سول ہسپتال اوگی اور آر ایچ سی چارباغ میں نائٹ ڈیوٹی کیلئے مزید ڈاکٹرز تعینات اور سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :