گالم گلوچ کے پروان چڑھتے موجودہ کلچر میں نوجوان نسل کی کردا ر سازی کی بہت زیادہ ضرورت ہے، سینیٹر ستارہ ایاز

پیر 21 اگست 2017 16:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کی سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا ہے کہ گالم گلوچ کے پروان چڑھتے موجودہ کلچر میں نوجوان نسل کی کردا ر سازی کی بہت زیادہ ضرورت ہے، اگر بحیثیت قوم ہم نے اس جانب توجہ نہ دی تو معاشرتی اقدا ر ختم ہو جائیں گی۔ وہ سوموار کو پارٹی کی رہنما و سابق امیدوار قومی اسمبلی ارم فاطمہ کی رہائش گاہ پر پارٹی میں نئے شامل ہونے والے نوجوانوں کے اعزاز میں منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

قبل ا زیں ارم فاطمہ، ضلعی صدر شوکت محمود مشوانی اور جنرل سیکرٹری طارق خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر صفدر نوازخان، سٹی جنرل سیکرٹری ندیم نور، ممبر ضلع کونسل روبینہ سید سمیت دیگر پارٹی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ہری پور پہنچنے پر مقامی قیادت نے سینیٹر کو ثقافتی شال پہنائی اور انہیں خوش آمدید کہا۔

ستارہ ایاز نے اس موقع پر کہا کہ مختصر دعوت پر اتنی اچھی تقریب اور نوجوانوں کی اے این پی میں شمولیت ان کیلئے بڑے فخر کی بات ہے، ہری پور جیسے ضلع میں پارٹی پرچم تھامے رکھنا بہت بڑی بات ہے، ہمیں تعداد سے کوئی غرض نہیں ہمارے لئے یہ بات بہت اہم ہے کہ بغیر اقتدار، عہدوں کی لالچ، سختیاں برداشت کرنے اور مشکلات کے باوجود باچا خان کے پیروکار موجود ہیں اور ان کے کردار کو دیکھ کر نئے لوگ بھی شامل ہو رہے ہیں، یہ اس بات کی علامت ہے کہ ایک دن آئے گا کہ آپ لوگوں میں سے ہی ارم فاطمہ جیسے لوگ منتخب ہو کر اسمبلیوں میں جائیں گے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پورے خلوص اور جذبہ خدمت خلق کے تحت وہ کام کرنے ہیں جو دوسرے نہیں کر رہے، وہ سمجھتی ہیں کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت نئی نسل کی کردار سازی ہے کیونکہ اس وقت ملک میں گالم گلوچ کا کلچر پروان چڑھ رہاہے اور معاشرہ بگاڑ کی جانب بڑھ رہاہے، لوگ اس کلچر سے تنگ آ چکے ہیں، اگر ایک ماں باہر نکل کر پوری دنیا بھی فتح کر لے اور گھر میں اس کا بچہ اخلاق باختہ ہے تو اس کی دنیا فتح کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، ہم نے قوم میں یہ شعور اجاگر کرنے کا بیڑہ اٹھاناہے کہ ہم نے گالی کا جواب تمیز سے دینا ہے اور معاشرتی اقدار کی بحالی کے ساتھ ساتھ امن اور بھائی چارہ کی فضاء کے قیام کیلئے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کارکنوں کو مبارک دی کہ ولی خاندان کے اختلافات بھی ختم ہو گئے ہیں جو پارٹی کیلئے خوش آئند ہے۔