ہجویری مضاربہ کے لیے بینک اکاﺅنٹ اسحاق ڈار کے کہنے پر کھولا‘چیک بک اسحاق ڈار کے ملازم نعیم محمود کے حوالے کردی تھی۔نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد کا نیب کو بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 اگست 2017 15:45

ہجویری مضاربہ کے لیے بینک اکاﺅنٹ اسحاق ڈار کے کہنے پر کھولا‘چیک بک ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2017ء) نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد نے اعتراف کیا ہے کہ ہجویری مضاربہ کے لیے بینک اکاﺅنٹ اسحاق ڈار کے کہنے پر کھولاگیا اور بینک اکاﺅنٹ کھولنے کے بعد چیک بک اسحاق ڈار کے ملازم نعیم محمود کے حوالے کردی تھی۔ شریف خاندان کے ایون فیلڈ کے فلیٹس کے حوالے سے دائر ریفرنس کے سلسلے میںنیشنل بنک کے سربراہ سعید احمد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے روبرو پیش ہو کر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعتراف کیا تھا کہ نواز شریف کے کاروباری لین دین کے لیے سعید احمد کے بینک اکاﺅنٹس استعمال ہوا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ سعید احمد نے جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے وقت منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے والے بینک اکاﺅنٹس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے ہجویری مضاربہ کے لیے بینک اکاﺅنٹ اسحاق ڈار کے کہنے پر کھولا تھا اور بینک اکاﺅنٹ کھولنے کے بعد چیک بک اسحاق ڈار کے ملازم نعیم محمود کے حوالے کردی تھی۔

جے آئی ٹی کی رپورٹ میں سامنے آیا تھا کہ سعید احمد سعودی عرب میں ملازمت کے دوران مالی بے ضابطگی پر گرفتار ہوئے تھے جبکہ نیشنل بنک کے صدر مقررہونے سے پہلے وہ برطانیہ میں ایک اولڈہوم میں ملازمت کرتے رہے ہیں-مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے نیشنل بینک کے صدر نے اپنے ہی دستخط شدہ بینک اکاﺅنٹ کے اوپننگ فارم کو پہچاننے سے انکار کردیا تھا۔

سعید احمد کے پانچ بنک اکاﺅنٹس کے ذریعے بھاری رقوم کی منتقلی کی گئی اور ان کے ذریعے موسی غنی اور اسحاق ڈار مستفید ہوتے رہے جبکہ ان کے بینک اکاﺅنٹس سے ہجویری گروپ کو رقوم منتقل کی گئیں جہاں سے شریف فیملی کو قرضے دیے گئے اور انہوں نے جو لاکھوں ڈالر بیرون ملک منتقل کیے وہ حدیبیہ پیپرز ملز کے کام آئے۔سعید احمد کے بنک اکاﺅنٹس سے اسحاق ڈار کی کمپنیوں کو 76 لاکھ 20 ہزار ڈالر جبکہ تبسم اسحاق ڈار کو 3 لاکھ 26 ہزار ڈالر کے قرضے فراہم کیے گئے ۔سعید احمد کے بینک اکاﺅنٹس میں کل 1 کروڑ 15 لاکھ 45 ہزار 6 سو 83 ڈالر جمع کرائے گئے جو 98-1997 کے دوران کم ہو کر بیرون ملک منتقل ہونا شروع ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :