ہفتہ آگاہی مہم برائے تدارک پھل کی مکھی کا شیخوپورہ میں باقاعدہ آغاز

محکمہ زراعت کے زیر اہتمام مہم ضلع بھر میں 21 تا 26 اگست جاری رہے گی

پیر 21 اگست 2017 15:25

شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء)حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ زراعت (توسیع )کے زیر اہتمام ضلع بھر میںہفتہ آگاہی برائے تدارک پھل کی مکھی کے حوالے سے مہم کا آغاز ایگریکلچر کمپلیس شیخوپورہ میں افتتاحی سیمینار سے کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی سجاد حیدر گجر نے شرکت کرتے ہوئے سیمینار سے خطاب کیا۔

انہوں نے بتایاکہ پھل اور سبزیات ہماری خوارک کی بنیادی ضرورت اور کاشتکاروں کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہیںجبکہ موجودہ وقت اور موسمی صورت حال میں ان فصلوں کو پھل کی مکھی سے نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہے ۔ اس مسئلہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب ہمیشہ کی طرح کاشتکاروں کی سہولیات اور آسانی کے پیش نظر پھل کی مکھی کے تدارک کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس کا ایک حصہ ضلعی سطح پرہفتہ بھر کی آگاہی برائے تدراک مہم ہے جس کا شیخوپورہ سے بھی باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ کے دوران ضلع بھر میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ بائیولاجیکل کنٹرول کا طریقہ اور 50 فی صد چھوٹ پر مکھیوں کے لئے جنسی کشش کے پھندے کی فراہمی شامل ہے۔علاوہ ازیں سیمینار میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہفتہ آگاہی برائے تدارک پھل کی مکھی کے سلسلہ میں ضلعی کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق کریں گے جبکہ ان کے زیر صدارت ہفتہ بھر کے لئے تحصیل سطح پر پروگرام تشکیل دیئے جا چُکے ہیں ۔

جبکہ ڈپٹی کمشنر ارقم طارق نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیے گئے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تفصیلی پروگرام مرتب کیا گیا ہے جس میں تحصیل سطح پر جا کر کاروائی کرنا چھوٹے کاشتکاروں کے لئے بے حد مفید ثابت ہوگا اس سلسلہ میںانہوں نے ہدایت جاری کی کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو تمام تر تقریبات میں دعوت دی جائے اور انہیں سہولیات کے لئے مکمل آگاہی فراہم کی جائے تاکہ پھلدار درختوں کو کیٹروں کے حملے سے محفوظ کرکے فصلات کو نقصان کی زد میں آنے سے بچایاجا سکے ۔