حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا

پیر 21 اگست 2017 14:56

حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، بیرسٹر محسن ..
سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) حلقہ این اے 65میں 2 ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ آئندہ عام انتخابات سے پہلے حلقہ کے 130سے زائدچکوک کو سوئی گیس کی فراہمی ممکن بنادی جائے گی، عوام سے کئے ہوئے تمام انتخابی وعدے پورے کردیئے ہیں۔ 2018میں اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے ،ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے چک 65شمالی اور اضافی آبادیوں کو سوئی گیس فراہم کرنے کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،منصوبے پرایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کی لاگت آئے گی ۔

اس موقع پر بیرسٹر محسن شاہ نوا ز رانجھا نے کہا کہ 2013سے پہلے حلقہ این اے 65جہالت اور پسماندگی کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا اور عوام کا کوئی پرسان حال نہ تھا لیکن گذشتہ چار سالوں میں علاقہ بھر میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اُن کی مثال نہیں ملتی ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ میں سوئی گیس ،بجلی ، سڑکوں کے جال، سکولوں کی اپ گریڈیشن ، نئے کالجز کی تعمیر،پختہ کھالوں کی تعمیر، ہسپتالوں ، ڈسپنسریوں کا قیام ،سینکڑوں بے روزگار غریب افراد کو روزگار کی فراہمی ہماری کارکردگی کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اُن کے حقوق دلانے اور علاقہ کو خوشحالی اور تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کررکھا ہے ، آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے اور عوام کی عدالت ہی ہمارے مخالفین کا فیصلہ کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت عام آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کام کررہی ہے اور سازشی عناصر ملکی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔