ْ مقامی حکومتوں کو تمام فنڈز صوبائی فنانس کمیشن کے تحت جاری کیے جائیں گے ‘ منشاء اللہ بٹ

مقامی حکومتوںکی آمدن اور اخراجات کی تمام دستاویزی تفصیلات محکمہ خزانہ میں جمع کروائی جائیںگی

پیر 21 اگست 2017 14:30

ْ مقامی حکومتوں کو تمام فنڈز صوبائی فنانس کمیشن کے تحت جاری کیے جائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء)صوبا ئی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کو تمام فنڈز صوبائی فنانس کمیشن کے تحت جاری کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کردہ گرانٹ غیر ترقیاتی مدات میں خرچ کی جائے گی، غیر ترقیاتی فنڈزپر کسی قسم کی کٹوتی نہیںلگائی جائے گی، اربن کونسلز کا فنڈز اربن کونسلز اور رورل کا فنڈز رورل کونسلز پر ہی خرچ کیاجائے گا، یونین کونسلز ضلعی کونسلز کی معاونت سے دیہی علاقوں میں صحت و صفائی سے متعلقہ اُمور سرانجام دیں گی، فضلے کو اثاثے کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور اس کی فروخت سے ڈسٹرکٹ کونسلز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا ۔

انہوں نے اپنے آفس میں بلدیاتی افسران سے ملاقات میں کہا کہ وزیر اعلیٰ رورل سینیٹیشن پروگرام صوبائی حکومت کے تعاون سے پایائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیکیورٹی سے متعلقہ اُمور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہوگی۔مقامی حکومتوں کو گرانٹس تین مدات میں دی جا رہی ہیں۔ جبکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دیہی علاقوں میں شروع کیے جانے والے پروگرامز کے لیے اربن کونسلز کے فنڈز سے کٹوتی نہ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوںکی آمدن اور اخراجات کی تمام دستاویزی تفصیلات محکمہ خزانہ میں جمع کروائی جائے گی۔ تاکہ پی ایف سی ایوارڈ کی تشکیل میں ان کی ضروریا ت کو مد نظر رکھا جا سکے۔انہوں نے مقامی حکومتوں کی خود کفالت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے وسائل میں اضافے کے لیے مثبت تجاویز لائیں تاکہ صوبے کی اعلیٰ قیادت سے درخواست کی جائے کہ بلدیاتی حکومتوں کی ریسورس موبلائزیشن کے لیے اُن کے اختیارات میں اضافہ کیا جاسکے۔