پاکستان میں ذوالحج کا چاند 23اگست کو نظرآنے کا امکان‘عید الضحی 2 ستمبر کوہوگی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 اگست 2017 13:14

پاکستان میں ذوالحج کا چاند 23اگست کو نظرآنے کا امکان‘عید الضحی 2 ستمبر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2017ء) ذی الحج 1438 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کل ہونگے تاہم رویت ہلال ریسرچ کونسل نے کہا ہے کہ کل ملک کے کسی بھی حصے میں چاند دکھائی دینے کا کوئی امکان نہیں ہے-غیرسرکاری تنظیم رویت ہلال ریسرچ کونسل اورمحکمہ فلکیات کے اعدادوشمار کے مطابق ذی الحج کا چاند آج رات 11 بج کر30 منٹ پرپیداہوجائیگا ،کل غروب آفتاب کے وقت لاہورمیں چاند کی عمر19 گھنٹے ہوگی تاہم سورج اورچاند کے غروب ہونے ہونے کا درمیانی فرق 31 منٹ ہوگا، لاہورمیں کل سورج 6 بج کر38 منٹ جبکہ چاند سات بج کرنومنٹ پرغروب ہوگا- ماہرین کے مطابق چاند دکھائی دینے کے لئے اس کی کم ازکم عمر19 گھنٹے اورسورج ،چاند کے غروب کا درمیانی فرق 40منٹ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق 23 اگست بدھ کی شام ملک کے تمام حصوں میں ذی الحج کا چاند باآسانی دیکھا جاسکے ، عیدالاضحی 2 ستمبر بروزہفتہ ہونے کا امکان ہے تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ہوں گے-اطلاعات کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرکاری طور پر عید الضحی کی چھٹیوں کا اعلان رواں ہفتے کے دوران کردیا جائے گا-

متعلقہ عنوان :