کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں

لیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 4جعلی پولیس اہلکاروںسمیت12 افراد کو گرفتار کرلیا

پیر 21 اگست 2017 13:39

کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 4جعلی پولیس اہلکاروںسمیت12 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے ملیر ، گلستان جوہر ، تیموریہ اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 4 جعلی پولیس اہلکاروں کے علاوہ ، مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے اور مضر صحت ماوا گٹکا فروخت کرنے والے ملزمان سمیت 12 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔

ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق گلستان جوہر میں الہ دین پارک قریب 4 جعلی پولیس اہلکار سڑک پر اسنیپ چیکنگ کررہے تھے کہ گلستان جوہر تھانے کی پولیس موبائل پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

گلستان جوہر تھانے کے اہلکاروں نے اسنیپ چیکنگ کرنے والے جعلی اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی تو ان کے جعلی اہلکار ہونے کا پول کھل گیا، چاروں جعلی اہلکار فیصل ، ارسلان ، فیضان اور محسن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق تیموریہ اقبال گارڈن میں خفیہ اطلاع پر ایک سوزوکی ہائی روف کی تلاشی لی گئی تو اس میں 139 کلو گرام مضر صحت ماوا / مین پوری تھا جسے قبضے میں لیکر گاڑی کے ڈرائیور اور ہیلپرمبشر اورعدنان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ۔ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق ملیر بکرا پڑی کے قریب 4 اسٹریٹ کرمنلز صہیب،سلیم،کاشف اور فرحاد ملیر بکرا پڑی ،مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پہنچ گئی تو ملزمان فرار ہونے لگے جنہیں تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سی2800 روپے کی رقم ،اسلحہ اور موبائل فون ملے ہیں۔پولیس کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں اسنیپ چیکنگ کے دوران تلاشی کے بعد نشے کے عادی 2 ملزمان سے چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :