امریکی جنگی بحری جہاز کی سنگاپور کے نزدیک آئل ٹینکر سے ٹکر میں عملے کے5 افراد زخمی10لاپتہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 اگست 2017 12:46

امریکی جنگی بحری جہاز کی سنگاپور کے نزدیک آئل ٹینکر سے ٹکر میں عملے ..
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2017ء)امریکی بحریہ کے مطابق ان کے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس جان مکین کی سنگاپور کے نزدیک آئل ٹینکر سے ٹکر کے نتیجے میں عملے میں شامل پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں اور دس لاپتہ ہیں۔یو ایس ایس جان مکین سنگاپور کے مشرقی ساحل سے گزرتے ہوئے بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا جب لابیئریا کے جھنڈے سے مزین آئل ٹینکر سے اس کی ٹکر ہوئی۔

آئل ٹینکر اور اس کے عملے کے بارے میں ابھی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کو خاطر خواہ نقصان پہنچا ہے جبکہ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں۔امریکی فوج کے ہیلی کاپٹرز اور سنگاپور کی بحریہ اور کوسٹ گارڈز ان کارروایﺅں میں مدد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ہوا جب امریکی بحریہ کا جہاز سنگاپور کی بندرگاہ پر پہنچنے والا تھا۔

سنگاپور کے پاس موجود یہ گزرگاہ دنیا کی چند مصروف ترین گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے بڑی تعداد میں بحری جہاز ساز و سامان اور تیل کی ترسیل کرتے ہیں۔ اسی جگہ کے نزدیک سٹریٹ آف مالاکہ کی گزرگاہ ہے جو انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔یاد رہے کہ اس سال جون میں امریکی بحریہ کی ایک اور جہاز یو ایس ایس فٹزگیرالڈ جاپان کے نزدیک ایک کنٹینر جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔