قطر نے سعودی ایئرلائن کی دوحہ کے لیے حج پروازیں روک دیں

قطر کی ہٹ دھرمی عازمین حج کے سفر میں رکاوٹ بن گئی، ڈائریکٹر جنرل سعودی ائیرلائن

پیر 21 اگست 2017 12:05

قطر نے سعودی ایئرلائن کی دوحہ کے لیے حج پروازیں روک دیں
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) سعودی عرب کی جنرل ایئر لائن آرگنائزیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قطر کی طرف سے حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد دوحہ کے لیے حج پروازیں روک دی گئی ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی جنرل ایئرلائن کے ڈائریکٹر جنرل انجینیر صالح الجاسر نے ایک بیان میں کہا کہ قطر نے سعودی عرب کی حج پروازوں کو دوحہ کے ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد حج پروازوں کو روک دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی ایئرلائن نے قطری حکام سے کہا تھا کہ وہ دوحہ سے عازمین حج کو مملکت میں لے جانے کے لیے خصوصی حج پروازوں کو حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت دے۔ قبل ازیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت اور قطری شاہی خاندان کے رہ نما الشیخ عبد اللہ آل ثانی کی سفارش کے بعد سعودی عرب کی سرکاری فضائی کمپنی نے قطر سے عازمین حج کے لیے خصوصی پروازیں چلانا شروع کی تھیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ جمعرات کو شاہ سلمان بن عبدالعزی نے قطر کے عازمین حج کو سعودی عرب کے لیے لیے فوری طور پر خصوصی طیارے بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ قطری عازمین حج کو سعودیہ لے جانے کے تمام اخرجات شاہ سلمان اپنی جیب سے ادا کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ شاہ سلمان نے قطری حجاج کرام کے لیے زمینی گذرگاہ بھی کھولنے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :