جولائی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 162.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

پیر 21 اگست 2017 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے پہلے ماہ جولائی کے دوران ملک میں کی جانے والی غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 162.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 222 ملین ڈالر کے قریب ایف ڈی آئی کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017ء کے دوران ٹریڈ سیکٹر میں سب سے زیادہ یعنی 93.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران ملائیشیا کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری 91.6 ملین ڈالر رہی ہے۔

اس طرح ملائیشیا سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا ہے جبکہ چین کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبہ میں مختلف ممالک کی سرمایہ کاری کا حجم دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال میں جولائی کے دوران ٹریڈ سیکٹر میں 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی کے باعث پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت بڑے منصوبوں کے آغاز سے بھی غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے ملک میں کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ سے قومی معیشت پر مبثت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :