22 ویں چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ محمد اشفاق نے جیت لی

اتوار 20 اگست 2017 23:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء)22ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ2017محمد اشفاق نے جیت لی۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی جس میں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ تقریب کے مہمان ِ خصوصی تھے۔ چار روز ہ چیمپئن شپ 17تا20اگست کراچی گالف کلب میں کھیلی گئی جس میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

ان کیٹیگریز میں کیڈیز، سیمی پروفیشنلز، سینیئر پروفیشنلز اور جونئیر پروفیشنلز کے مقابلے شامل تھے۔70لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ یہ چیمپئن شپ پاکستان میں گالف کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں ملک بھر سے 600 سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ مہمان خصوصی ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے اختتامی تقریب سے خطاب میں چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاک بحریہ ، کراچی گالف کلب اور منتظمین کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اس بات کی علامت ہے اس کھیل کو اعلی سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔