سابق وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر قانون اور وفاقی وزیر ریلوے کی ملاقات

نواز شریف ہشاش بشاش ہیں ان کی طبیعت بھی ٹھیک ہے اوروہ کہیں نہیں جا رہے ان کے بیرون ملک جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں‘ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

اتوار 20 اگست 2017 23:10

سابق وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر قانون اور وفاقی وزیر ریلوے کی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) سابق وزیراعظم محمدنواز شریف سے وفاقی وزیر قانون زاہد حامداور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت اہم امو رپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس مو قع پرمسلم لیگ (ن) کی آئندہ کی حکمت عملی بھی زیر غور آئی ۔

رائے ونڈمیں سابق وزیر نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سعد رفیق نے کہاکہ نواز شریف ہشاش بشاش ہیں ان کی طبیعت بھی ٹھیک ہے اوروہ کہیں نہیں جا رہے ان کے بیرون ملک جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس سنی نہیں لیکن انہوں نے جو بھی بات کی ہو گی مثبت انداز میں ہی کی ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سینیٹر پرویز رشید اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ انہوںنے نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وکلا ء اس حوالے سے قانونی مشاورت کررہے ہیں جلدآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ڈینگی وائرس پرانامسئلہ ہے جس طرح پنجاب نے اس پر قابو پایا سری لنکا کے ماہر ڈاکٹرز نے بھی پنجاب کے ڈاکٹروں کی مہارت کا اعتراف کیا اسی لئے وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک ڈینگی پر سیاست نہ کریں اورعوام کی جانیں بچانے میں پنجاب کی ٹیم سے تعاون کریں ،ہماری ٹیم وہاں سیاست کرنے نہیں گئی ۔

انہوںنے کہاکہ این اے 120پر کلثوم نواز الیکشن لڑ رہی ہیں پرویز مشرف کے بعد جو پارٹی پر بحران آیا تھا انہوں نے سڑکوں پر نکل کر اس کو سہارا دیا۔انہوںنے بلاول بھٹو کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک بچہ 70سال کے لوگوں کو ڈکٹیٹ کرتا ہے انہوںنے کہاکہ این ای120میں پرویز ملک کو سیاسی کارکن ہونے کی حیثیت سے ان کو مشاورت سے حمزہ شہباز نے انچارج بنایا۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کا سیاسی حق ہم سے چھین لیا ہے جس کیلئے عدالت کا دروازہ کٹکٹھائیں گے ۔