پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے ، اسی نام پر اس کی بقا ہے، اسلام ہی وہ واحد نعرہ اور مقصد ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر جوڑ کے رکھا ہوا ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اس وقت پاکستان کافی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ،ہمارے دشمن ہم پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور وہ موقع کی تلاش میں ہیں اور بدقسمتی سے ہم انتشار اور ذاتی مفادات میں الجھے ہوئے ہیں ، تمام اداروں کو آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی اپنی زمہ داریاں پوری کرنی ہونگی،مولاناعبدالغفورحیدری

اتوار 20 اگست 2017 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جمعیت علما اسلام(ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہ کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے ،اور اسی نام پر اس کی بقا ہے اسلام ہی وہ واحد نعرہ اور مقصد ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر جوڑ کے رکھا ہوا ہے،اگر نعرے اور مقصد سے ہٹ جائیں تو پھر مختلف جغرافیائی ،لسانی، گروہ اپنے اپنے نعرے بلند کریں گے جو ملکی سالمیت کے لئے خوف ناک ہیں۔

یوم آزادی کے مواقعہ پر ہمیں قیام پاکستان کے مقصد اور جدو جہد آزادی میں قربانی دینے والے علما اور مذہبی طبقے کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔اس وقت پاکستان کافی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ہمارے دشمن ہم پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور وہ موقع کی تلاش میں ہیں اور بدقسمتی سے ہم انتشار اور ذاتی مفادات میں الجھے ہوئے ہیں ، تمام اداروں کو آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی اپنی زمہ داریاں پوری کرنی ہونگی، جو ہم سب کے حقوق کا ضامن ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ شب کلفٹن کے مقامی ہال میں جمعیت علما اسلام ( ف)سندھ بزنس فورم کے زیراہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے مختلف نمائندوں نے جمعیت علما اسلام (ف)میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ جبکہ تقریب سے جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو، قاری محمد عثمان ، مولانا عبدالکریم عابد ، بابر قمر عالم ،اسلم غوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان کی جدو جہد آزادی چند سال پر مشتمل نہیں اس کے لئے 2 سو سال تک اس خطے کے مسلمانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کے لئے ہزاروں والدین نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی اولاد کو کٹتے ہوئے دیکھا ہے۔سولیوں پر لٹک گئے ،ہزاروں ماں بہنوں کی دشمن نے عصمت دری ہوئی ،لاکھوں لوگوں نے جانوں اورلاکھوں لوگوں نے اپنے مال کی قربانی دی۔

پاکستان ایک طویل جدوجہد اور بے پناہ قربانیوں کا نتیجہ ہے ان قربانیوں کو اہل کراچی سے بہتر کون جان سکتا ہے جن کے آبا اجداد براہ راست ان قربانیوں میں شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد اسلامیا ور فلاحی ریاست کا قیام تھا ہم نے آزادی تو حاصل کر لی لیکن جس ریاست کے لئے قربانی دی تھی۔ اب اس حقیقی ریاست کے لئے جدو جہد کرنی ہے اسلام اور پاکستان جڑے ہوئے ہیں۔

دنیا کی کوئی قوت ان کو جدا نہیں کرسکتی ہے۔اسلام اسلامی ورثہ ہی وہ واحد مقصد اور نظریہ ہے جس نیہم سب کو جوڑ کے رکھا ہے ورنہ ہم مختلف قومیتوں میں تقسیم ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسلام کے علاوہ کوئی ایسا نظریہ اور مقصد نہیں جو ہمیں جوڑے رکھے ،اس لئے ہم کہتے ہیں کہ اس ملک کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست اور اسی میں اس کی بقا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت افسوس ہوتا ہے جب ہم یوم آ زادی یا دیگر مواقعے پر اصل قربانی دینے والوں کو نظر انداز کرتے ہیں اور ہمارا ذکر چند شخصیات تک محدود رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کافی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ہمارے دشمن ہم پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور وہ موقے کی تلاش میں ہیں بدقسمتی سے ہم انتشار اور ذاتی مفادات میں الجھے ہوئے ہیں یہ وقت ذاتی سیاست اور مفادات سے اوپر اٹھ کر ملک کی سلامتی اور بقا اس کی معاشی ترقی ،امن و امان ،عوامی مسائل کے حل اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے۔

سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ تمام اداروں کو آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی اپنی زمہ داریاں پوری کرنی ہونگی آئین پاکستان بنیادی طور پر اس ملک میں بسنے والی مختلف قومیتیوں اداروں اور طبقوں کے درمیان ایک ایسا عمرانی معاہدہ ہے جو ہم سب کے حقوق کا ضامن ہے ، ہم سب کو اسی کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے جمعیت علما اسلام سندھ بزنس فورم کے بابر قمر عالم اور نئے شامل ہونے والے تاجروں کو مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :