تحریک لبیک پاکستان کا 2018کے عام ا-نتخابات سے قبل پورے ملک میں --"پاکستان بچائو"کانفرنسز منعقد کرنے کا اعلان

کراچی والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخاب میں ووٹ کی طاقت سے غداران وطن کا مکمل احتساب کریں، علامہ خادم حسین رضوی

اتوار 20 اگست 2017 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی نے 2018کے عام ا-نتخابات سے قبل پورے ملک میں --"پاکستان بچائو"کانفرنسز منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات محب وطن پاکستانیوں کا بڑا امتحان ہے جس میں انہوں نے ملک کی سیاست کو کمیشن اور کرپشن کرنے والے ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والوں کو ووٹ کے ذریعے میدان سیاست سے باہر نکال کر اقتدار کے تخت پر نظام مصطفٰے ﷺکو لانا ہوگا اسی صورت میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے،جو علامہ اقبال،قائداعظم اور بانیان پاکستان کا خواب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مورخہ 20اگست2017بروز اتوار کو تحریک لبیک پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حمزہ غوثیہ لان سوک سینٹر گلشن اقبال میں "پاکستان بچائو"کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جب وہ اتوار کو لاہور سے کراچی پہنچے تو تحریک لبیک کے ہزاروں کارکنوں نے اپنے قائد کا فقیدالمثال استقبال کیا اور انہیں سوک سینٹر ایک ریلی کی صورت میں لایا گیا۔

جبکہ کانفرنس میں تحریک کے صوبائی امیر مفتی غلام غوث بغدادی،کراچی کے امیرعلامہ سید زمان جعفری،خیبر پختونخواہ کے امیرڈاکٹر شفیق امینی،مفتی شریف سعیدی،صوفی محمد یحیٰ قادری نے بھی خطاب کیا کراچی کے چھ اضلاع کے عہدیداران بھی موجود تھے۔علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ نوازشریف بے نقاب ہوچکے وہ اداروں کا ٹکرائو چاہتے ہیں۔تاکہ انہیں چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا پھر موقع مل جائے،پاکستان اولیا اللہ کا فیضان سندھ باب الاسلام کراچی اولیا اللہ کا صدر مقام ہے 2018کے انتخاب میں کراچی کی تاریخی شناخت کو بحال کرنا کراچی والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخاب میں ووٹ کی طاقت سے غداران وطن کا مکمل احتساب کریں۔

جنہوں نے نوجوانوں کو مجرمانہ سرگرمیوں میں مبتلاکیا ،بچیوں کے سہاگ کو اجاڑ کر بوڑھے والدین کو غداران وطن کا تمغہ دلوایا ان مافیاز کو ختم کرنے کا موقع 2018کے انتخابات ہیں۔علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ تیس سال سے سندھ اور کراچی کے اقتدار پر قابض لوگوں نے دونوں ہاتھوں سے صوبہ اور کراچی کے وسائل کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺپاکستان آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے اور بالخصوص کراچی بھر سے بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اورحلقہNA-120لاہور کا الیکشن طاغوتی قوتوں پر سکتہ طاری کردے گا۔