نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، سندھ گیمز رواں سال ضرور ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 20 اگست 2017 22:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، سندھ گیمز رواں سال ضرور ہوں گے، میری کوشش ہے کہ کھیلوں کے لئے نئے میدان بنائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ دوستانہ کرکٹ میچ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، کراچی سمیت سندھ بھر کے حالات آج بہت بہتر ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسکولوں میں کھیل کے میدان ہونا بہت ضروری ہیں، آج کل اسکولز بلکہ یونیورسٹیز بغیر گراونڈز کے بن رہے ہیں، بچوں کو کھیل کا موقع نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ بہت ہے اور سابق کرکٹرز کو کہیں گے کہ سندھ کے دیگر شہروں بالخصوص دیہی علاقوں میں جا کر وہاں جو ٹیلنٹ ہے اس کو پروموٹ کریں اور کرکٹ کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر کھیل بہت ایکٹو ہیں، وہ اسپورٹس کے لئے مراعات دے رہے ہیں۔ قبل ازیں این ای ڈی یونیورسٹی میں دوستانہ کرکٹ میچ میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے این ای ڈی المنائی کی جانب سے کھیل کر آل رائونڈر پرفارمنس دی۔ سید مراد علی شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور اسٹمپ آوٹ ہوئے۔ وزیر اعلی سندھ نے اپنی بالنگ سے تین اوور میں دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وزیر اعلی سندھ کی ٹیم این ای ڈی المنائی نے 10 اووز کے میچ میں107 رنز اسکور کئے۔ این ای ڈی المنائی نے این ای ڈی الیون کو 17 رنز سے شکست دے کر جشن آزادی کرکٹ میچ جیت لیا۔

متعلقہ عنوان :