وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

اتوار 20 اگست 2017 22:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کے روز اچانک شہر کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات جام خان شورو، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعلی سندھ نے مختلف زیر تعمیر سڑکوں، انڈر پاسز اور فلائی اوور کا معائنہ کیا۔

وزیراعلی سندھ نے قائد آباد کی جانب جاتے ہوئے ملیر کے زیر تعمیر روڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے روڈ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے کام کو فوری مکمل کیا جائے۔ انہوں نے منزل پمپ سے آگے ٹھٹھہ جانے والے روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ ورکس پر برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس روڈ کی فٹ پاتھ بننی چاہئے تھی، لیکن ابھی تک یہ مکمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلی سندھ نے پورٹ قاسم سے واپسی پر دوسری جانب کی سڑکوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ کو آگاہی دی گئی کہ قائدآبادتا پورٹ قاسم تک سولر لائٹس لگائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے لائٹس کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے جوگی موڑ پر زیرتعمیر فٹ پاتھ، اسٹار گیٹ پر زیر تعمیر نالے، پنجاب کالونی پر زیرتعمیر انڈرپاس اور سن سیٹ بلیووارڈ پر فلائی اوور کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ہے، منزل پمپ فلائی اوور پر کام سے مطمئن ہوں اور این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین سے معائنہ کرایا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ایم سی کاموں کے معیار پر توجہ دے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے ایم سی کو ترقیاتی کاموں کے فنڈز بروقت جاری کردئیے ہیں، شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کی رفتار سے مطمئن نہیں ہوں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایئرپورٹ تا قائد آباد تک روڈ کی تعمیر میں سست روی ہے، لہذا اس سڑک کے تعیراتی کام میں تیزی لاکر اسے جلد مکمل کیا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے، دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے، پولیس اہلکاروں اور افسران کے حالیہ قتل کے واقعات میں ملوث ایک گینگ کو پکڑا بھی ہے، باقی دہشت گردوں تک بھی جلد پہنچیں گے۔

متعلقہ عنوان :