ڈپٹی کمشنر کا شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

اتوار 20 اگست 2017 22:21

سیالکوٹ ۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) نیکاپورہ پل ایک تا کوٹلی فرید ایمن آباد روڈ کی از سر نو تعمیر کی جائے گی اس منصوبے میں روڈ کی توسیع کی جائے گی‘ ساڑھے ساتھ کلومیٹر لمبے روڈ کی دوطرفہ تعمیر پر مجموعی طور پر 94کروڑ رروپے خرچ کئے جائیں گے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے اکبر آباد چوک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران بتائی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ توقیر حیدر کاظمی، ایکسین ہائی وے جمیل بسراء ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالرؤف اور ایس ڈی او اویس بسراء بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے نواں پنڈ تاک اکبر چوک تک9کروڑ41لاکھ روپے کی لاگت سے زیرتعمیر گلیوں اور سیوریج کے منصوبوں پر کام کا معیار بہتر بنانے کو ان منصوبوں کو جلد از جلد پایہء تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی اکبر آباد چوک تک گلشن اقبال پارک روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا اورمحکمہ شاہرات کے مقامی حکا کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی تلقین کی ۔ ڈی سی نے تعمیراتی اداروں کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسکیموںکی بروقت تکمیل کی راہ میں حائل سروسز کے تنصیبات کی منتقلی کیلئے محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیںاور باہمی افہام تفہیم سے آپسی مسائل حل کریں ۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گی ۔ دریں اثناں ڈی سی سیالکوٹ نے بھیار کالونی نالہ ایک کے ساتھ فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ ایکسین ایری گیشن تبسم شفیق نے منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی ۔