نوجوان نسل میں قیام پاکستان جیسی سوچ اور جذبہ پیدا کرنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ‘ میجر جنرل(ر)امیر حیدرعلی خان کا ایوان صنعت و تجارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 20 اگست 2017 22:21

سیالکوٹ ۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں قیام پاکستان جیسی سوچ اور جذبہ پیدا کرنے کے لیے ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں مجلس قلندران اقبال کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ممتاز سماجی رہنماپیر سید مشکور احمد گیلانی نے صدارت کی جبکہ اس موقع پر سابق صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میجر (ر) منصور احمد، چیئرمین مجلس قلندران اقبال طارق حسین بٹ شان ، جنرل سیکرٹری سیرت اسٹڈی سینٹر محمد پرویز خاں اور آرگنائزر ظفر بٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر خواجہ اعجاز احمد بٹ نے سرانجام دئیے۔مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے کہا کہ انہیں یقین کامل ہے کہ نوجوان نسل دنیا میں پاکستان کی مثبت پہچان کروانے اور اسے بحرانوں سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے تاہم اس سلسلے میں بزرگوں کی طرف سے مناسب رہنمائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔

پاکستانی نوجوانوں میں یہ سوچ پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ ہم ایک باوقار قوم کے فرد ہیں اور ہم ناممکن کو ممکن بنانے کی پوری اہلیت و صلاحیت رکھتے ہیں ۔میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے امر پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا کہ بیٹیاں تعلیمی میدان میں لڑکوںکے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اورآنے والے وقتوں میں ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کررہی ہیں۔

مہمان خصوصی نے تعلیمات علامہ اقبالؒ کو عام کرنے کرنے کی کوششوں پر مجلس قلندران اقبال کے منتظمین کو سراہاتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔ مہمان ذی وقار میجر (ر) منصور احمد نے اپنے خطاب میں ملکی دفاع ، اس کی تعمیر و ترقی اور قدرتی آفات میں اہم کردار ادا کرنے پر پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو بے شمار روایات کا امین ہے۔ دوسرے اداروں کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان،میجر (ر) منصور احمد اور دیگر نے مختلف امتخانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں شیلڈیں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :