یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

اتوار 20 اگست 2017 22:21

لالہ موسیٰ۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی آف گجرات میں منعقد ہوا جس کی نگرانی سیکرٹری زکواة پنجاب حسن اقبال، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد بشیر نے کی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیکرٹری زکواة پنجاب حسن اقبا ل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق انٹری ٹیسٹ کا عمل شفاف بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں تاکہ میرٹ پر حقدار طلبہ و طالبات کو انکا حق دیا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کا تمام سامان انتہائی حفاظت میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سے یونیورسٹی آف گجرات لایا گیا ہے ، امتحانی پرچوں کا باکس طے شدہ ضوابط کے مطابق کھولا گیا ہے اور اسے پولیس سکواڈ کی حفاظت میں ہی چیکنگ کیلئے بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے انٹری ٹیسٹ کیلئے قائم سنٹر میںضلعی انتظامیہ ، پولیس اور یو او جی حکام کیطرف سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 1600کے قریب طلبہ و طالبات امیدوار تھے ، طلبہ و طالبات کیلئے الگ الگ سنٹرز بنائے گئے تھے۔ انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی گیٹ سے امتحانی سنٹر تک لانے کیلئے طلبہ وطالبات کو شٹل سروس کی سہولت فراہم کی گئی نیز طلبہ و طالبات کے ساتھ آنیوالے والدین کیلئے سایہ، پانی اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سنٹر کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 400کے قریب پولیس اہلکار، سول ڈیفنس رضا کار تعینات تھے نیز سنٹر پر دو میڈیکل کیمپ لگانے کیساتھ ریسکیو1122کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بہترین انتظامات پر تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کو زبردست سراہا۔