عیدگارہ کی تعمیر ایک صدقہ جاریہ ہے اس کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ تیس لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ، حکومت اور پارٹی روز اول سے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عمل کررہی ہے، صوبائی مشیر جنگلات وحیوانات عبیداللہ جان بابت کا تقریب سے خطاب

اتوار 20 اگست 2017 22:00

کوئٹہ۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) صوبائی مشیر جنگلات وحیوانات عبیداللہ جان بابت نے لورالائی میں عیدگاہ کی تعمیرنو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدگاہ کی تعمیر ایک صدقہ جاریہ ہے، اس کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ تیس لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ ایک اجتماعی خیر کا کام ہے‘ ہماری حکومت اور پارٹی روز اول سے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عمل کررہی ہے‘ شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے اور اس مسئلے کے حل کے لئے ہم بھرپور کوشش کریں گے۔

اس موقع پر صوبائی مشیر عبیداللہ جان بابت نے کہا کہ 14کروڑ روپے شہر میں پینے کے صاف پانی کے لئے رکھے گئے ہیں جوکہ بہت جلد شہر میں پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ شہر میں ٹریفک اور رش کی وجہ سے بہت جلد شہر سے بس ٹرک اڈہ اور سبزی منڈی باہر منتقل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں آٹھ ہائی اسکول تقریباً 14مڈل اور کثیر تعداد میں پرائمری اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ہم نے میرٹ پر ملازمتیں، وظائف اور علاج معالجے کے لئے میڈیکل فنڈز سے رقم دیئے ہماری کوشش ہوگی کہ شہر کے عوام کے تمام مسائل کو ان کی دہلیز پر ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ تقریب میں کمشنر ژوب ڈویژن ڈاکٹر سیف الرحمن، قاری ممتاز، قائم مقام ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد، چیئرمین میونسپل کمیٹی نعمت جلالزئی، ایکسیئن پی ایچ ای جہانگیر شاہ بھی موجود تھے۔