محمد اشفاق نے 22 ویں چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کر لیا

اتوار 20 اگست 2017 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) 22 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2017ء کی اختتامی اور تقسیم ِانعامات کی تقریب اتوار کو کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چار روزہ چیمپئن شپ 17 تا 20 اگست کراچی گالف کلب میں کھیلی گئی جس میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے۔

ان کیٹیگریز میں کیڈیز، سیمی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور جونئیر پروفیشنلز کے لئے 36 ہولز، سینئرز اور لیڈیز کے لئے 18 ہولز، ویٹرنز کے لئے 9 ہولز اور پروفیشنلز اور امیچرز کی72 ہولز پر مشتمل مقابلے شامل تھے۔ 70 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ یہ چیمپئن شپ انعامی رقم کے اعتبار سے پاکستان میں منعقد ہونے والے گالف کے مقابلوں میں سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

(جاری ہے)

کراچی گالف کلب کے کیڈیز اور سیمی پروفیشنلز کے مین ایونٹ سے قبل کھیلے گئے مقابلوں کے لئے علیحدہ سے پانچ لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے۔ ملک کے سب سے زیادہ انعامی رقم کے حامل اس ایونٹ میں ملک بھر سے 600 سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے بھرپور انعقاد کے لئے پاک بحریہ، کراچی گالف کلب اور منتظمین کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ 22 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ اس کھیل کو اعلیٰ سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ بلاشبہ گالف پاکستان کے ہر عمر کے لوگوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور پاک بحریہ کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ اس اعلیٰ پیمانے کا گالف ایونٹ ہر سال منعقد کرواتی ہے۔ مہمانِ خصوصی نے پاکستان میں گالف سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو ایک بھرپور تفریح مہیا کرنے پر چیمپئن شپ کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے گالف کے فروغ اور اس کھیل کو پاکستان میں مقبول بنانے میں پاکستان نیوی کے ساتھ تعاون کرنے پر تمام اسپانسرز اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام، نمایاں سول شخصیات اور گالفرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔