NSERایک قومی اثاثہ ہے جو ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے اہم ہے،ماروی میمن

یہ صرف غریبوں کی مالی معاونت کیلئے انکی شناخت ہی نہیں کرتی بلکہ اداروں کی بڑی تعداد اپنے فلاحی اقدامات کیلئے بھی اسے استعمال کرتے ہیں

اتوار 20 اگست 2017 21:21

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء)بی آئی ایس پی کی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری ایک قومی اثاثہ ہے جو ملک میں ہر سطح پر ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے اہم ہے۔ یہ صرف غریبوں کی مالی معاونت کیلئے انکی شناخت ہی نہیں کرتی بلکہ اداروں کی بڑی تعداد اپنے فلاحی اقدامات کیلئے بھی اسے استعمال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے جیکب آباد کی تحصیل تھل میں اپنے دورے کے دوران کیا جہاں انہوں نے نئے سروے کیلئے NSERکی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

NSERپاکستان میں گھرانوں کی آبادی کے اعدادو شمارکی واحد ڈائریکٹری ہے۔ اس وقت پائلٹ اضلاع میں NSERاپڈیٹ کیلئے نیا سروے جاری ہے جو اگست کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد ملک گیر سروے کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ موجودہ حکومت NSERکو دنیا میں پہلے نمبر پر لانے کیلئے پُرعزم ہے جو اس وقت دنیا کے پانچویں نمبر پر ہے۔

اب تک متوقع گھرانوں کا 110%اندراج کر کے ایک اہم سنگ میل حاصل کیا جا چکا ہے۔ 17مارچ کو جیکب آباد میں شروع کئے جانے والے سروے میں متوقع 187,056گھرانوں کے برعکس 214,317گھرانوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ مجموعی طورپر بی آئی ایس پی نے پائلٹ اضلاع میں 2.6ملین گھرانوںکا سروے کیا ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے موچی بستی، گائوں علی پور، ہادی بخش کھوسو، قائم خان کھوسو اور جیکب آباد شہر میں خواتین سے ملاقات کی اور انکی رائے جانی۔

انہوں نے کہا کہ نیا سروے ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور آپریشن ریویو فرموں، انٹرنل مانیٹرنگ اور شہریوں کی ہاٹ لائن کے ذریعے اچھی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے خواتین کیساتھ سروے ڈیٹا کا تبادلہ کیا تاکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کو چیک کرسکیں اور قابل قدر رائے کا اظہار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمار کنندگان پر سختی سے چیک رکھاگیا ہے۔صرف معیاری ڈیٹا پر ہی ادائیگیاں کی جاتی ہیں ،بصورت دیگر گھرانوں کا دوبارہ سروے کیا جاتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)حصوں میں تقسیم نہیں ہوئی۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے جہاں ہر کسی کو اپنے خیالات کے اظہار کی آزادی ہوتی ہے۔ یہ ہماری سیاسی جماعت کے اندر جمہوریت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ GTروڈ ریلی واضح طور پر عوام کی اپنے قائد کیلئے محبت کو ظاہر کرتی ہے اور سیاسی مخالفین پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیوںکہ وہ منفی الزامات لگانے میں مصروف ہیں۔ ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم عوام ہے۔