محمد اشفاق نے 22 ویںچیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا

اتوار 20 اگست 2017 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) بائیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2017کی اختتامی اور تقسیم ِانعامات کی تقریب اتوار کو کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان ِ خصوصی تھے۔ چار روز ہ چیمپئن شپ 17تا20اگست کراچی گالف کلب میں کھیلی گئی جس میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے ۔

ان کیٹیگریز میں کیڈیز، سیمی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور جونئیر پروفیشنلز کے لیی36 ہو لز، سینئرز اور لیڈیز کے لیے 18ہولز، ویٹرنز کے لیے 9ہولز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے 72 ہولز پر مشتمل مقابلے شامل تھے۔ 70لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ یہ چیمپئن شپ انعامی رقم کے اعتبار سے پاکستان میں منعقد ہونے والے گالف کے مقابلوں میں سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

(جاری ہے)

کراچی گالف کلب کے کیڈیز اور سیمی پروفیشنلز کے مین ایونٹ سے قبل کھیلے گئے مقابلوں کے لیے علیحدہ سے پانچ لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ ملک کے سب سے زیادہ انعامی رقم کے حامل اس ایونٹ میں ملک بھر سے 600سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے بھرپور انعقاد کے لیے پاک بحریہ ، کراچی گالف کلب اور منتظمین کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ بائیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اس بات کی علامت ہے اس کھیل کو اعلی سطح پر سر پرستی حاصل ہے۔

نیو ل چیف نے مزید کہا کہ بلاشبہ گالف پاکستان کے ہر عمر کے لوگوں میں تیزی سے مقبو ل ہو رہا ہے اور پاک بحریہ کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ اس اعلی پیمانے کا گالف ایونٹ ہر سال منعقد کرواتی ہے۔ مہمانِ خصوصی نے پاکستان میں گالف سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو ایک بھر پور تفریح مہیا کرنے پر چمپئن شپ کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے گالف کے فروغ اور اس کھیل کو پاکستان میں مقبول بنانے میں پاکستان نیوی کے ساتھ تعاون کرنے پر تمام اسپانسرز اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مسلح افواج کے اعلی حکام، نمایاں سول شخصیات اور گالفرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔