نواز لیگ اور نیازی لیگ سیاست کی آخری سانسیں لے رہی ہیں، اعجاز درانی

تخت میانوالی بھی تخت رائیونڈ کی طرح گولی اور گالی کی سیاست میں مصروف ہے، کارکنوں سے خطاب اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھنے والے آج خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت بچانے میں مصروف ہوگئے ہیں

اتوار 20 اگست 2017 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) بلاول ہائوس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی طرح نیازی لیگ بھی سیاست کی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخت میانوالی بھی تخت رائیونڈ کی طرح گولی اور گالی کی سیاست میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلاول ہاس کے ترجمان اعجاز درانی نے شو مارکیٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھنے والے آج خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت بچانے میں مصروف ہوگئے ہیں کیونکہ شہید بھٹو کے روپ میں بلاول بھٹو زرداری میدان میں نکل پڑے ہیں اور جب بھٹو میدان میں آتا ہے تو پھر ہو جمالو اور دمادم مست قلندر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ڈینگی سے متاثرہ عوام بے حال اور پریشان ہیں جبکہ عمران نیازی دوسروں پر الزام تراشی اور کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز درانی نے کہا کہ سعد رفیق کی جانب سے (ن) لیگ کو سیاسی جماعت کہنے کا دعوی کرنا اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے، افسوس اس بات کا ہے کہ نواز لیگ نے آج بھی تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اب نواز لیگ اور نیازی لیگ کا ساتھ دینے والے اپنا بستر باندھ کر اپنی عزتیں بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عوامی مہم اور جلسوں کا آغاز ہوتے ہی ضیا کی باقیات اور مشرف کے لاڈلوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ اعجاز درانی کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کے نواسے اور شہید رانی کے لخت جگر بلاول بھٹو زرداری کی ایک للکار نے تخت رائیونڈ اور تخت میانوالی کی بنیادوں کو ہلادیا ہے۔

متعلقہ عنوان :