این اے 120 الیکشن میں بھر پور طریقے سے بھرپور حصہ لیںگے‘جہانگیر ترین

نواز شریف ،ان کے بچے نیب کے سامنے پیش نہیں ہو رہے، شریف فیملی کو ہل میٹل ، عزیزیہ اسٹیل ملز کے سوالوں کا جواب دینا پڑے گا نواز شریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں وہ یہ چاہتے ہیںمعاملہ طول پکڑے،ان کو جرات سے کیسز کا سامنا اور سوالات کا جواب دینا چاہیے‘پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 20 اگست 2017 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہاکہ این اے 120 الیکشن میں بھر پور طریقے سے بھرپور حصہ لیںگے، این اے 120 ویسے ہی لڑینگے جیسے 122 اور 154 کا الیکشن لڑا تھا، این اے 120 کے چیلنچز سے بخوبی آگاہ ہیں، نواز شریف اور ان کے بچے نیب کے سامنے پیش نہیں ہو رہے، شریف فیملی کو ہل میٹل ، عزیزیہ اسٹیل ملز کے سوالوں کا جواب دینا پڑے گا، نواز شریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں وہ یہ چاہتے ہیںمعاملہ طول پکڑے،ان کو جرات سے کیسز کا سامنا اور سوالات کا جواب دینا چاہیے، شاہد خاقان عباسی کو نااہل وزیراعظم سے ہدایات نہیں لینی چاہئیں، جس کے خلاف بھی ریفرنس ہے نیب کو کھل کر کام کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جہانگیر خان ترین نے ڈاکٹر یاسمین راشد،شفقت محمود ، فواد چوہدری ، عبدالعلیم خان ،اعجازچوہدری، میاں محمود الرشید، شعیب صدیقی، مراد راس ،عندلیب عباس کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میںپریس کانفرنس کے موقع پر کیا ، انہوں نے کہاکہ شریف فیملی کو بتانا پڑے گا پیسہ کہاں سے آیا،نیب میں اب قطری کا خط نہیں چلے گا،قطری خط کی کہانی ختم ہو چکی ہے، نیب کو کھل کے کام کرنا چاہئے، ووٹرز کی حق تلفی کرنے والے کو جواب دینا پڑے گا، آج نہیں تو کل پیش ہونا پڑے گا ،تحریک انصاف شریف فیملی کو پانامہ کی طرح نیب سے بھی بھاگنے نہیں دے گی، یہ نہ کہیں کہ ہمیں سمن نہیں ملا، سپریم کورٹ نے انکو صفائی پیش کرنے کا پورا پورا موقع دیا تھا، سپریم کورٹ کے ججز کے بارے میں خبریں لیک کی جا رہی ہیں یہ ایک سازش ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے خلاف باتیں کرکے سازشیں کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہاکہ اگر نیب آزاد ہوتی تو جے آئی ٹی بنانے کی ضرورت نہ پڑتی ، نیب نے پچھلے چار سال سے کچھ نہیں کیا، نیب نے ہمیشہ کوشش کی کہ بڑے لوگوں کا احتساب نہ ہو، اب نیب کو اپنا کام مکمل کرنا پڑے گا،نواز شریف پانامہ کیس میں بُری طرح پھنس چکے ہیں، اب ان کو ایک ایک سوال کاجواب دینا پڑے گا ، شریف فیملی کو ہل میٹل ، عزیزیہ اسٹیل ملز کے سوالوں کا جواب دینا پڑے گا، جہانگیر ترین خا ن نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا گزشتہ کئی سالوں سے گٹھ جوڑتھا، لیکن پانامہ کیس کے بعد لگتا ہے کہ زرداری نے نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیا ہے، نواز شریف کی سیاسی تنہائی بڑھتی جا رہی ہے، خیبر پختونخواہ میں شفاف حکومت ہے، ڈینگی کے حوالے سے چیئرمین عمران خان کے پی کے چیف منسٹر پرویز خٹک اور ہیلتھ منسٹر شہرام ترکئی کے ساتھ رابطے میں ہیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے ہسپتالوں میںانتظامات مکمل ہیں، انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میںصرف اپنی کارکردگی بتانے کی کوشش کی ہے ،نیب کے کام کی ذمہ داری سپریم کورٹ کے پاس ہے، لگتا ہے چوہدری نثار اداروں پر حملے کرنے والوں کے خلاف ہیں، چوہدری نثار کی لائن سابق وزیر اعظم سے الگ ہے۔

متعلقہ عنوان :