سروس ڈیلیوری سنٹر مردان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں،عاطف خان

اتوار 20 اگست 2017 21:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ سروس ڈیلیوری سنٹر مردان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے قیام کا مقصد شہریوں کو پٹوار کلچر کے چکروں سے نجات دینا ہے ۔وہ ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے ہمراہ سروس ڈیلیوری سنٹر مردان کے دورے کے موقع پر ایس ڈی سی کے انچارج شفیق خان اور دیگر اہلکاروں سے بات چیت کررہے تھے ۔

شفیق خان نے صوبائی وزیر کو سروس ڈیلیوری سنٹر میں شہریوں کو جائیداد کے فردات وغیرہ کے حصول کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پہلے روزانہ ایک مخصوص تعداد میں ٹوکن جاری کیے جاتے تھے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا تاہم اب سنٹر میں عملے کی تعدادمیں اضافے کے بعد اس مسئلے پر قابو پایا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عملے کا کارکردگی اور عوام کے ساتھ ان کے رویے کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے اور اس مقصد کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کپ ڈپٹی کمشنر مردان کی ہدایت پر رستم میں میں بھی سروس ڈیلیوری سنٹر کی شاخ نے کام شروع کردیا ہے جس سے دوردراز کے عوام کو مردان آنے کی ذحمت نہیں کرنی پڑتی ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کو آسانیاں دینے اور ان کو سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات دلانے کے لیے مردان میں ایس ڈی سی کھولنے کا فیصلہ کیا تاہم عملے کی کمی اور سائلین کے لیے خاطر خواہ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ابتدا میں کچھ مشکلات ضرور تھی تاہم اب سنٹر کو کافی تعداد میں عملہ فراہم کردیا گیا ہے جبکہ عوام کو بھی بہترین سہولیات مہیا کی گئی ہیں جس سے یقینی طور پر اس سنٹر کی کارکردگی بہتر ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے رستم میں ایس ڈی برانچ کھولنے پر ڈی سی مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ایس ڈی سی انچارج آفیسر شفیق خان کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان کے مسائل ومشکلات کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی تاہم عوام کی شکایات پر ایکشن لینے میں بھی تاخیر نہیں ہوگی ۔