واپڈا میٹر ریڈروں کی ہٹ دھرمی اور کام چوری کا خمیازہ غریب عوام بھگتنے پر مجبور ہوگئی ،۔

عوامی حلقوں نے بھاری بھرکم بلوں کو فوری طور پر منسوخی کا مطالبہ کردیا

اتوار 20 اگست 2017 20:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) واپڈا میٹر ریڈروں اور افسران کی ہٹ دھرمی ،سستی اور کام چوری کا خمیازہ غریبوں ،دیہاڑی داروں ، محنت کشوں ،اور فاقوں ماری قوم بھگتنے پر مجبور ہوگئی ہے، ملک بھر کی طرح راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں بھی حکومت اور واپڈا کی جانب سے 12سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود گھریلو صارفین پر بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے ڈرون حملوں نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں، عوامی حلقوں نے محکمے کی جانب سے ارسال کئے گئے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کو فوری طور پر منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واپڈا کے ارباب اختیار نے اپنے اے سی والے دفاتر میں بیٹھ کر گھریلو صارفین کو ہزاروں روپے کے بل ارسال کر کے ان کو زندہ درگور کر دیا ہے،مہنگائی کے بوجھ تلے پسے ہوئے غریب عوام بھاری بھرکم بجلی کے بل دینے سے قاصر ہیں بھابڑا بازار کے ایک محنت کش کا بل بیس ہزار روپے ارسال کیا گیا ہے جسکی وجہ سے وہ صدمے سے نڈھال بستر پر پڑا ہے اسی طرح ایک اور شہری کا بل چودہ ہزار ربھیجا گیا ہے جو ظلم و زیادتی ہے کسی بھی گھریلو صارف کا بل پانچ ہزارروپے سے کم نہیں ہے جب کہ شہر بھر میں لودشیڈنگ کے باوجود بلوں کی زیادتی ایک سوالیہ نشان ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں، سیاسی وسماجی حلقوں نے بلوں پر از سر نو نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ واپڈا بلوں پر از سر نظر ثانی کرے اس بات کا امکان ہے کہ گذشتہ ماہ کی ریڈنگ اور ٹیکسوں کو بھی موجودہ بلوںمیں شامل کر لیا گیا ہے عوامی حلقوں نے واپڈا کی نا اہلی پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم کی انکوائری سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :