امریکا پر کسی بھی وقت بے رحمانہ حملہ ہو سکتا ہے، شمالی کوریا کی دھمکی

دونوں ملک ایسی ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہے ہیں جس پر قابو پانا ناممکن ہوگا،ہماری فوج کسی بھی وقت امریکا کو ٹارگٹ کر سکتی ہے اور یہ حملہ نہ ہی گوام اور نہ ہی ہوائی پر ہوگا بلکہ امریکا کے کسی بھی حصے کو بے رحمی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے،پیانگ یانگ

اتوار 20 اگست 2017 20:00

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں گزرتے دنوں کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں پیانگ یانگ نے امریکی جزیرے گوام کو اپنے میزائلوں سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی تو اب کہا جا رہا ہے کہ کسی بھی وقت امریکا کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے یہ دھمکی امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگی مشقوں کے ردعمل میں آئی ہے۔

پیانگ یانگ نے ان مشقوں کو غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک ایسی ایٹمی جنگ کو دعوت دے رہے ہیں جس پر قابو پانا ناممکن ہوگا۔ دھمکی میں کہا گیا ہے کہ اس کی فوج کسی بھی وقت امریکا کو ٹارگٹ کر سکتی ہے اور یہ حملہ نہ ہی گوام اور نہ ہی ہوائی پر ہوگا بلکہ امریکا کے کسی بھی حصے کو بے رحمی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ اس نے امریکی جزیرے گوام پر میزائلوں سے حملہ کرنے کی مکمل منصوبہ بندی کر لی ہے۔

اس حملے کا تمام اختیار کم جانگ ان کو دیدیا گیا ہے، وہ جیسے ہی حکم دیں گے، حملہ کر دیا جائے گا۔دوسری جانب امریکی افواج اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے ساتھ پیر 21 اگست سے شروع ہونے والی جنگی مشقیں شیڈول کے تحت ہونے جا رہی ہیں جو 10 روز تک جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :