Live Updates

لاہور اور پنجاب مسلم لیگ (ن) یا تحریک انصاف کی جاگیر نہیں، ڈاکٹر صفدر عباسی

اتوار 20 اگست 2017 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( ورکرز) کے مرکزی صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ لاہور اور پنجاب مسلم لیگ (ن) یا تحریک انصاف کی جاگیر نہیں، زرداری لیگ کے لاوارث چھوڑنے کے باعث خلاء پیدا ہوا ،ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریات کو آگے لیجانے کے لئے پیپلز پارٹی ورکرز کو میدان میں آنا پڑا ،کسی جماعت کے امیدوار کا سیاسی اور جمہوری جدوجہد میں پیپلز پارٹی ورکرز کی امیدوار ساجدہ میر سے کوئی مقابلہ نہیںاس لئے نظریاتی لوگ انہیں بھرپو رسپورٹ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کے حوالے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لاہور او رپنجاب کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے جو ان کی غلط سوچ ہے ۔

(جاری ہے)

زرداری لیگ نے اپنے ذاتی مفادات کے لئے پیپلز پارٹی کے گڑھ لاہور اور پنجاب کو لاوارث چھوڑا جس کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ورکرز اپنی شہید قیادت کے نظریات کو زندہ رکھنے اور انہیں آگے بڑھانے کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120سے مقابلے میں آنے والے امیدوار وں کا ساجدہ میر کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد سے کوئی مقابلہ نہیںاس لئے ہماری نظریاتی رہنمائوں اور کارکنوں سے اپیل ہے کہ و ہ ضمنی انتخاب میں ایک حقیقی سیاسی کارکن کی سپورٹ کریں ۔ ڈاکٹر صفد ر عباسی نے کہا کہ مستقبل کی سیاست پر گہری نظر ہے اور آنے والے دنوں میں مشاورت سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمار اآج بھی یہی مطالبہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے اور اس کے بغیر پیپلز پارٹی کبھی بھی اپنے پائوں پر کھڑی نہیں ہو سکتی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات