کوہاٹ ، علاقہ غیر سے لاکھوں مالیت کی چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

اتوار 20 اگست 2017 19:42

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) کوہاٹ سٹی پھاٹک پر کاروائی کے دوران علاقہ غیر سے لاکھوں مالیت کی چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔موٹر کار کے ذریعے سمگل ہونے والی 60کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس پکڑ کر بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ جاوید اقبال کی منشیات سمگلنگ میں ملوث موت کے سوداگروں کو سختی سے کچلنے کی جامع حکمت عملی پر بھرپور اور ٹھوس عملدرآمد کے سلسلے میں ایک عرصے سے مختلف اقسام کے کروڑوںمالیت کی منشیات پکڑی جاچکی ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان نے انوسٹی گیشن آفسیر یوسف خان اور اے ایس آئی اقبال خان کے ہمراہ تھانہ سٹی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو منشیات سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کی کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ انہیں باوثوق ذرائع سے مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ منشیات کے بین الصوبائی سمگلر کسی بھی وقت علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے موٹر کار کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہیں اطلاعات پر مئوثر اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے اے ایس آئی اقبال خان اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر سٹی پھاٹک کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں اورکزئی ایجنسی سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر اسلام آباد FD-559کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔تلاشی کے دوران موٹر کارکی ڈگی سے دو بوریوں میں بند مجموعی طور پر ساٹھ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے کار سوار بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ کے تین ارکان عدنان احمد ولد وزیر خان،عدیل احمد ولد جان محمد ساکنان پنڈی گھیپ اور اعجاز حسین ولد فضل حسین سکنہ فتح جنگ کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیاگیا۔

متعلقہ عنوان :