دلہ زاک روڈ اور سٹی سرکلر روڈ پرضلعی حکومت کی جائیداد پر تفریحی پارک اور سبزہ زار بنانے کا فیصلہ

اتوار 20 اگست 2017 19:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء)ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کی زیر صدارت سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جائیداد کو کار آمد بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ناظم ٹائون ون زاہد ندیم ‘ ڈائریکٹر کوارڈینشن صاحبزادہ محمدطارق ‘ ایڈمن آفیسر رحمان خٹک ‘ ٹی او آر ٹائون ون ریاض اعوان‘ اے ٹی او آر ایاز خان ‘ پی ایس او نصرت اللہ اور دیگرنے شرکت کی - اجلاس میں میں فیصلہ کیا گیا کہ عرصہ دراز سے خالی پڑی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جائیدادکو کارآمد بنانے اور عوام کو تفریح مہیاکرنے کیلئے دلہ زاک روڈ پر واقع کمرشل پلاٹ پر پارک قائم کیاجائیگا جس میں بچوں کی تفریح کیلئے جھولے اور کھیل کود کیلئے سبزہ زار بنایاجائیگا ‘اس کے علاوہ سٹی سرکلر روڈ پرسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے جائیدادجو کہ سٹی سرکلر روڈکے مختلف مقامات پر واقع ہے پر بھی بچوں کے کھیل کود کیلئے سبزہ زار بنایاجائیگا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہاکہ ضلعی حکومت کی تمام جائیدادوں کو کارآمد بنایاجائیگا جس سے نہ صرف عوام کو تفریح میسرہوگی جبکہ ضلعی حکومت کی جائیدادوں کو بھی محفوظ بنایاجائیگا اس سلسلے میں ضلع ناظم نے ناظم ٹائون ون زاہد ندیم کو پی سی ون جلد سے جلد تیار کرنے کے احکامات جاری کئے۔