موبائل ہیلتھ یونٹ پشاور روانہ ،ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز بھی کے پی کے بھیج دی گئیں

پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے 24 گھنٹوں میں800لوگوںکامعائنہ کیا

اتوار 20 اگست 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے خیبر پختونخواہ میں ڈینگی مریضوں کی تشخیص و علاج کے لئے مزید اقداما ت کئے ہیں اور پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز بمعہ ضروری طبی آلات و ادویات پشاور روانہ کردی گئی ہیں - مزید برآں وزیراعلی کی ہدایت پر دو موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پشاور کے لئے روانہ کردیئے گئے ہیں- قبل ازیں ایک موبائل ہیلتھ یونٹ پہلے ہی پشاور بھجوایاجاچکا ہے جو علاقے کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کررہاہے -صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر جو اپنی میڈیکل ٹیم کے ساتھ پشاور میں موجود ہیں ،نے بتایا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر لاہور سے ڈینگی مریضوں کے بلڈ ٹیسٹ کے لئے تین سی بی سی اینالائزرمشینیں اور ڈینگی ٹیسٹ کے لئے این ایس -1 کٹس بھی پشاور بھجوادی گئی ہیں - خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹو ںکے دوران ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود اور ان کی ٹیم نے 800 افراد کا طبی معائنہ کیا اور موبائل ہیلتھ یونٹ کی لیبارٹری میں بلڈ سکریننگ کی گئی -خواجہ عمران نذیر نے بتایاکہ 150 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جن کا علاج معالجہ شروع کردیاگیاہے -

متعلقہ عنوان :