بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے حق خودارادیت کے مطالبے سے کسی صورت بھی دستبرار نہیں کر سکتا ،ْبرجیس طاہر

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھار ت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منایا ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی صورت بھی بھارت کے ساتھ نہیںرہنا چاہتے، مسئلہ کشمیر تقیسم ہند اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کے پرُامن حل کے لیے پاکستان اقوام متحدہ سمیت دُنیا کے تمام فورمز پر آواز اٹھا تا رہے گا ،ْ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

اتوار 20 اگست 2017 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑھتے ہوئے پر تشدد واقعات اور ماورائے عدالت نہتے اور مظلوم کشمیری نوجوانوں کو قتل کرنے کے واقعات کی شدید الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے حق خودارادیت کے مطالبے سے کسی صورت بھی دستبرار نہیں کر سکتا، جس انداز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھار ت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منایا ہے اس سے اس امر کی کھلی وضاحت ہو گئی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی صورت بھی بھارت کے ساتھ نہیںرہنا چاہتے ۔

اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت کے یوم آزادی کے دن پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا او رانٹرنیٹ اور ٹیلی فون سمیت تمام ذرائع مواصلات بند کر دیے گئے اس کے باوجودہزاروں کشمیری نوجوانوں ،مرداور عورتوں نے مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوںمیں قابض بھارتی حکومت اور فوج کے خلاف احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ کاروائیوں کا یہ عالم ہے کہ اس نے خوف کی وجہ سے کشمیری خواتین کو بھی قید کر رکھا ہے ، دختران ملت کشمیر کی چیر پرسن آسیہ اندرابی کو پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کی آڑمیں قید میں ہیں جس میں بار بارغیر قانونی توسیع کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ قابض بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پر مظلوم کشمیری نوجوانوں کا خون بہا رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب کسی کشمیر ی گھر سے بھارتی مظالم کی وجہ سے کوئی جنازہ نہ اٹھتا ہو اور افسوس اس امر کا ہے کہ آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کے لیے دہشت گرد کا نام دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی دہشت گرد کے جنازے میں ہزاروں اور لاکھوںکی تعداد میں کشمیری عوام شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کرنے والے غیور کشمیری نوجوان کسی صورت میں دہشت گرد نہیں ہیں اور وہ حق خودارادیت اور آزادی جیسے عظیم مقصدکے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر تقیسم ہند اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کے پرُامن حل کے لیے پاکستان اقوام متحدہ سمیت دُنیا کے تمام فورمز پر آواز اٹھا تا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پاکستان سے وابستگی کا اظہار اُن کے اُس عزم اور بہادری سے لگایا جاسکتا ہے جو وہ سبز ہلالی پرچم 8لاکھ بھارتی فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لہراتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے اُس جذبے کو بھی سلام پیش کرتی ہے جس جذبے کے تحت وہ شہیدوںکو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں, حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت اور آزادی کے حصول تک اُن کی ہر قسم کی سیاسی ، اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور عالمی دُنیا کے دروازے پر اُس وقت تک دستک دیتی رہے گی جب تک عالمی برادری اپنے دوہرے معیار کو ترک کر کے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اُن کا جائز اور پیدائشی حق نہیں دلا دیتی۔