جنرل مشرف کی بد روح نہیں نواز شریف کی کرپشن مسلم لیگ ن کا پیچھا کر رہی ہے، آل پاکستان مسلم لیگ

نااہلی کے بعد نواز شریف کی ریلی کا مقصد اداروں کی تضحیک اور خود کو مقدمات سے بچانے کے سوا کچھ نہیں، نون لیگ ایک خاندانی جماعت کا نام ہے جس میں دراڑیں پڑ چکی ہیں،احمد رضا قصوری کی بنیادی رکنیت ختم ہو چکی ہے اور ان کا اے پی ایم ایل سے کوئی تعلق نہیں ہے،ڈاکٹر محمد امجد کی پریس کانفرنس بلوچستان کے مری قبیلہ سے تعلق رکھنے والی سماجی خاتون رہنما درچین وحید مری کا آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان

اتوار 20 اگست 2017 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جنرل مشرف کی بد روح نہیں نواز شریف کی کرپشن مسلم لیگ ن کا پیچھا کر رہی ہے، نااہلی کے بعد نواز شریف کی ریلی کا مقصد اداروں کی تضحیک اور خود کو مقدمات سے بچانے کے سوا کچھ نہیں، نون لیگ ایک خاندانی جماعت کا نام ہے جس میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔

نون لیگی اراکین جلد دوسری جماعتوں میں نظر آئیں گے۔ عید کے بعد جنرل پرویز مشرف اتحادی جماعتوں کے ہمراہ اہم اعلان کریں گے۔ احمد رضا قصوری کا اے پی ایم ایل سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ پارٹی چیئرمین سید پرویز مشرف کی ہدایت پر ان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ میں ان کی حیثیت ایک اجنبی سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آل پاکستان مسلم لیگ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اے پی ایم ایل کے مرکزی چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری ، تمام صوبائی صدور ، جنرل سیکرٹریز ، فیڈرل کیپٹل تنظیم کے صدر سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے پریس کانفرنس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کے بعد نواز شریف کی ناکام اور خونی ریلی کا مقصد اداروں کی تضحیک اور عوام کو بغاوت پر اکسانا تھا۔

قوم کو جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا کہا گیا۔ اپنے ہی اداروں کے خلاف عوام میں جانا جمہوریت نہیں ہے۔ نواز شریف اپنی کرپشن چھپانے ، مقدمات یا گرفتاری سے بچنے کے لئے عوام کے پاس گئے۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اراکین بہت جلد دوسری جماعتوں میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے نواز شریف اور حکومتی وزراء جنرل مشرف پر بے بنیاد تنقید کر رہے ہیں اور یہاں تک کہا گیا کہ پرویز مشرف کی بدروحیں ان کا پیچھا کر رہی ہیں۔ جس شخص کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ اور چار دیگر کیسز ہوں وہ کسی کے خلاف کیا سازش کر سکتا ہے۔ پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان اور پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عزت کرائی جبکہ بعد میں آنے والے حکمرانوں نے قرضے لے کر ملکی اداروں کو گروی رکھ دیا ہے۔

ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر 12 اگست کو فیصل آباد میں کامیاب جلسہ منعقد کیا ، ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی اشد ضرورت ہے ، جنرل پرویز مشرف عید کے بعد اتحادی جماعتوں کے ہمراہ اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ احمد رضا قصوری کے پاس گزشتہ تین سالوں سے کوئی عہدہ نہیں تھا ، وہ خود ساختہ چیف کوآرڈینیٹر تھے ، انہوں نے فیصل آباد جلسے میں سٹیج پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور جلسے کے بعد خود کو پارٹی کا صدر ظاہر کر دیا۔

اے پی ایم ایل کے چیئرمین سید پرویز مشرف کی مشاورت سے سٹیئرنگ کمیٹی نے احمد رضا قصوری کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے جسے الیکشن کمیشن بھیجا جا رہا ہے۔ اب آل پاکستان مسلم لیگ میں احمد رضا قصوری کی حیثیت ایک اجنبی سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری اور چیف آرگنائزر پنجاب چوہدری اشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احمد رضا قصوری کی بنیادی رکنیت ختم ہو چکی ہے اور ان کا اے پی ایم ایل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس موقع پر بلوچستان کے مری قبیلہ سے تعلق رکھنے والی سماجی خاتون رہنما درچین وحید مری نے پارٹی چیئرمین پرویز مشرف اور دیگر قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ بیگم خورشید وحید مری نے گزشتہ روز اے پی ایم ایل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد اور دیگر قیادت سے ملاقات کی اور باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ملک کا حقیقی لیڈر ہے ، سابق صدر کے دور اقتدار میں بلوچستان میں صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی۔ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد اور دیگر رہنمائوں نے بلوچستان کے مری قبیلے کی خاتون کی آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔