مویشی منڈیوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ جانوروں پر کانگو وائرس سے بچائو کے لئے سپرے کو یقینی بنایا جائے، صائمہ احمد ملک

اتوار 20 اگست 2017 19:41

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا ہے کہ ضلع میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ جانوروں پر کانگو وائرس سے بچائو کے لئے سپرے کو یقینی بنایا جائے اور قربانی کے لئے جانوروں پر سپرے محفوظ انداز میں کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اشرف،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد ارشاد ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد مسعود،ڈی ایم او چوہدری طاہر امین،ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ ڈاکٹر محمد اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی ،سی او ضلع کونسل،ایم ایس صاحبان اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا کہ چیف آفیسر بلدیہ اور عملہ شہر میں چل پھر کر جانور بیچنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور گھوم پھر کر جانور فراخت کرنے والے بیوپاریوں کو مویشی منڈیوں میں جانور فروخت کرنے کے لئے لائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک مویشی منڈیوں میں جانوروں پر انسداد کانگو کے لئے جانوروں پر چچڑوں کے خاتمہ کے لئے سپرے کو یقینی بنائے تاکہ اس قسم کا مرض پھیلنے کا خدشہ ختم ہو سکے ۔

انہوں نے کہا متعلقہ محکمے اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ کانگو وائرس سے بچائو کے لئے ضلع کے داخلی و خارجی راستو ں پر لائیو سٹاک کی چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی اور جانورں پر سپرے کو یقینی بنایا جائے گا۔