پشاوراور اس کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی وائر س پھیلنے پر تشویش ہے ، سکندر حیات شیر پائو

مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور اس نے صوبائی حکومت کی صحت اصلاحات کی قلعی کھول دی،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

اتوار 20 اگست 2017 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے پشاوراور اس کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی وائر س کے تیزی کے ساتھ پھیلتے ہوئے وبا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور اس نے صوبائی حکومت کی صحت اصلاحات کی قلعی کھول دی ۔انھوں نے کہا کہ دو دن میں تقریباً 120مریضوں میں اضافہ نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ صوبائی حکومت کی غیر موثر صحت پالیسی کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پشاور اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں اب تک تقریباً 4320افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو چکے ہیں اور صوبہ کے مختلف ہسپتالوں میں بے یار و مدد گار پڑے ہیں۔انھوں نے اس ضمن میں صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے ذمہ دار اپنے عوام کے زخمیوں پر مرہم کی پٹی رکھنے کی بجائے اس سنگین نوعیت کے مسئلہ پر چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کوتبدیلی کیلئے مینڈیٹ دیا تھا جبکہ یہاں کے عوام کو پی ٹی آئی کوبھاری مینڈیٹ دینے کی بھاری قیمت چھکانا پڑی کیونکہ موجودہ صورتحال میں ا ن کا پرسان حال نہیں اور انھیں کسی بھی سطح پر ریلیف نہیں دیا جارہا۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور کے تمام طبی مراکز میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کیلئے طبی سہولیات کی فوری فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں مچھر مار سپرے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں ٹیمیں بھجوا کر لوگوں کو اس حوالے سے احتیاطی تدابیراختیار کرنے سے آگاہ کیا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پشاور اور اس کے دیہی علاقوں میںڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں دو دن میں بے تحاشہ اضافہ لمحہ فکریہ ہے اور اس تشویشناک مسئلہ سے نمٹنے کیلئے صوبائی اور مرکزی حکومت آگے بڑھ کر ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے ۔