ٹریفک پولیس کا خوشحال بازار میں گرینڈ آپریشن، 20 ملزمان گرفتار

درجنوں ہتھ ریڑھیاں بند، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 100سے زائد گاڑیوں کا چالان، تجاوزات کے خلاف ٹریفک پولیس کا آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ

اتوار 20 اگست 2017 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) ٹریفک پولیس کا خوشحال بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،20ملزمان گرفتار، درجنوں ہتھ ریڑھیاں بند، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 100سے زائد گاڑیوں کا چالان، تجاوزات کے خلاف ٹریفک پولیس کا آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کی ہدایت پر ایس ایچ او ٹریفک ممتاز خان کی نگرانی میں انچارج خوشحال بازار مشرف خان نے بمعہ دیگر نفری گزشتہ روز خوشحال بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران تجاوزات کا سبب بننے 20ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔

آپریشن کے حوالے سے انچارج ٹریفک پولیس خوشحال بازار مشرف خان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ آپریشن ہم ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے کررہے ہیں اور اس کی ہدایت ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی نے دی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ایس ایچ او ٹریفک ممتاز خان خود کررہے ہیں اور یہ آپریشن اس قت تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کاسبب بننے والا ایک بھی ملزم باقی ہو۔

انہوںنے کہا کہ ہم نے ہتھ ریڑھی بانان کو آگاہ کردیا تھا کہ آپ ٹریفک میں خلل کا باعث بن رہے ہیں اس لئے اس دفعہ ہم تجاوزات کا سبب بننے والی ہتھ ریڑھیوں کو بند کررہے ہیں اگر آپ تجاوزات سے باز نہ آئے تو اگلی بار آپ کو گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے سے گریز نہیں کریں گے، چونکہ ان لوگوں نے ہماری ہدایت کو سنجیدگی سے نہ لیا اس لئے ہم نے اس بار ہتھ ریڑھیوں کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا سبب بننے والے ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔ انچارج ٹریفک پولیس خوشحال بازار مشرف خان نے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے عوام ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر تجاوزات کے خاتمے میں سو فیصد کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

متعلقہ عنوان :