مسلم لیگ میں کوئی بادشاہت نہیں ہم جمہوریت پسند ہیں ،چوہدری نثار کا پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں ، ماروی میمن

چھوٹے موٹے اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں ،جی ٹی روڈ کی ریلی ہمارا جمہوری حق تھا، جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 اگست 2017 19:12

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) مسلم لیگ ن کی رہنماء بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ماروی میمن نے کہاہے کہ مسلم لیگ میں کوئی بادشاہت نہیں ہم جمہوریت پسند ہیں چوہدری نثار کا پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں ،چھوٹے موٹے اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں ،جی ٹی روڈ کی ریلی ہمارا جمہوری حق تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابڑو ہائوس جیکب آبادمیں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری اطلاعات اسلم ابڑو بھی موجودتھے ،ماروی میمن نے مزید کہاکہ مخالفین میاں نوازشریف کے بیان کو بڑھا چڑھاکر پیش کررہے ہیں ،ہم کسی بھی ادارے کے خلاف نہیں ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں ہم اداروں کے درمیان تصادم کے حامی نہیں ،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ جمہوری پارٹی ہے اور جمہوری پارٹی میں ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے اس کا یہ مقصد نہیں کہ پارٹی میں کوئی بڑے اختلافات ہیں چوہدری نثار کے پارٹی کے ساتھ چھوٹے موٹے اختلاف ہوسکتے ہیں جوکہ جمہوریت کاحسن ہے ،نوازلیگ میں اختلافات کی امید رکھنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی ،انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ کی ریلی غیر آئینی نہیں تھی یہ ہمارا جمہوری حق ہے اورریلی جمہوریت کا ایک حصہ اور حسن تھا ہماری ریلی اپنے قائد کی محبت میں نکالی گئی تھی اس کا یہ مقصد نہیں تھا کہ ہم اداروں کے درمیان تصادم چاہتے ہیں ، ماروی میمن سے صحافیوں کی جانب سے عائشہ گلالئی کے متعلق سوال کیا گیاتو انہوں نے نو کمنٹس کہہ دیا۔