بانی ایم کیو ایم ملک کے غدار ہیں، کلبھوشن یادیو اور بانی ایم کیو ایم دونوں کا جرم ایک ہی ہے، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال

تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں ، جو ملک کا دشمن وہ ہمارا دشمن ہے ، بانی متحدہ کو بھی کلبھوشن کی طرح پھانسی کی سزا ملنی چاہیے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، 14 اگست کو جن لوگوں نے یوم سیاہ منایا ان سب کے خلاف کاروائیاں کی جائیں گی،پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 اگست 2017 19:12

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم ملک کے غدار ہیں کلبھوشن یادو اور بانی ایم کیو ایم دونوں کا جرم ایک ہی ہے، بانی متحدہ کو بھی کلبھوشن کی طرح پھانسی کی سزا ملنی چاہیے۔ لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں جو ملک کا دشمن وہ ہمارا دشمن ہے ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، 14 اگست کو جن لوگوں نے یوم سیاہ منایا ان سب کے خلاف کاروائیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہ کراچی آپریشن ہمیشہ کا کریڈٹ وفاقی حکومت لیتی ہے لیکن وسائل فراہم کرنے کے حوالے سے صرف زیادتیاں بھی کرتی ہیں ہم نے سندھ کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ امن امان قائم کریں گے اس لیے وفاق کی جانب سے وسائل کی عدم فراہمی کے باوجود کراچی آپریشن جاری ہے اور جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں دو گروپ ملوث ہیں جن میں سے ایک گروپ کو نہ صرف پکڑا ہے بلکہ پولیس مقابلوں میں ان کے کارندے مارے بھی گئی ہیں جبکہ جلد دوسرے گروپ کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جایا گا۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی نواز شریف کا نہیں پر جمہوریت کو بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ دیا لیکن اب نواز شریف ملکی اداروں اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں اور یوسف رضا گیلانی سے خود کو ملا رہے ہیں جو کہ ایک الگ قصہ تھا۔ نواز لیگ کی وفاق سمیت دو صوبوں میں حکومت ہے وہ واضع کریں ان کے ساتھ زیادتی کون کر رہا ہے۔ سہیل انورسیال نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی شرح میں واضع کمی آئی ہے، صرف شہر کراچی میں دنیا کے 50 ملکوں سے زائد کی آبادی رہتی ہے اور ان ترقی یافتہ ملکوں کے مقابلے میں کراچی میں جرائم کی شرح کم ہے۔

ماضی میں امن امان کی خراب صورتحال کے باعث لوگ سورج ڈہلنے سے پہلے سفر کرتے تھے اور اب سورج ڈہلنے کا انتظار کرتے ہیں تاکہ ٹھنڈے موسم میں سفر کرسکیں جو حکومت سندھ، پاکستان آرمی، پولیس اور رینجرس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے بجٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ جدید اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ شہید اہلکاروں کا معاوضہ بھی 20 لاکھ سے بڑہا کر 50 لاکھ کردیا گیا ہے جو کہ سندھ حکومت کا قابل ستائش کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سب سے پہلے حکومت سندھ نے آبادگاروں کے ساتھ بیٹھ کر گنے کی قیمتوں کا تعین کیا جسے تمام اسٹیک ہولڈرس سے قبول بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جو کاروائی تاحال جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کی سیلاب میں سندھ کے 7 اضلاع مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے جہاں انفراسٹکچر سمیت دیگر ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ، ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی، میئر لاڑکانہ اور دیگر بھی موجود تھے۔