پشاور ،پولیس نے علاقہ غیر سے لاکھوں مالیت کی منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ،3ملزمان گرفتار 60کلو منشیات برآمد کرلی گئی

اتوار 20 اگست 2017 19:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) کوہاٹ سٹی پھاٹک پر کاروائی کے دوران علاقہ غیر سے لاکھوں مالیت کی چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔موٹر کار کے ذریعے سمگل ہونے والی 60کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس پکڑ کر بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،ضلعی پولیس سربراہ جاوید اقبال کی منشیات سمگلنگ میں ملوث موت کے سوداگروں کو سختی سے کچلنے کی جامع حکمت عملی پر بھرپور اور ٹھوس عملدرآمد کے سلسلے میں ایک عرصے سے مختلف اقسام کے کروڑوںمالیت کی منشیات پکڑی جاچکی ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان نے انوسٹی گیشن آفسیر یوسف خان اور اے ایس آئی اقبال خان کے ہمراہ تھانہ سٹی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو منشیات سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کی کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ انہیں باوثوق ذرائع سے مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ منشیات کے بین الصوبائی سمگلر کسی بھی وقت علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے موٹر کار کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہیں اطلاعات پر مئوثر اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے اے ایس آئی اقبال خان اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر سٹی پھاٹک کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں اورکزئی ایجنسی سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر اسلام آباد FD-559کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔تلاشی کے دوران موٹر کارکی ڈگی سے دو بوریوں میں بند مجموعی طور پر ساٹھ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے کار سوار بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ کے تین ارکان عدنان احمد ولد وزیر خان،عدیل احمد ولد جان محمد ساکنان پنڈی گھیپ اور اعجاز حسین ولد فضل حسین سکنہ فتح جنگ کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیاگیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ منشیات سے بھری گاڑی سمیت گرفتار تینوں سمگلروں کو فوری طور پر تھانہ سٹی منتقل کردیا گیا جہاں انکے خلاف بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایس ایچ اوکا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے احکامات کے تناظراور ڈی ایس پی سٹی رضا محمد کی خصوصی نگرانی میںضلع بھر میں جاری سخت ترین کریک ڈائون اور شہر کی اہم شاہراہوں پر مئوثر ناکہ بندیوں کے نتیجے میںقلیل عرصے کے دوران کروڑوں مالیت کی مختلف اقسام کی منشیات پکڑی جاچکی ہیںاور کاروائیوں کے اس تسلسل میں منشیات سمیت گرفتار درجنوں افرادکو منشیات سمگلنگ کی درج مقدمات میں عدالتوں سے سزائیں بھی ہوچکی ہیںجبکہ بعض مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹی پھاٹک پراس کاروائی میں گرفتارملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں منشیات کی بھاری کھیپ علاقہ غیراورکزئی ایجنسی سے پنجاب کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جنہیں عدالت کے حکم پر مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیاگیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :