میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ، 65155امیدواروں کی شرکت

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام13 شہروں میں28 مراکز قائم کیے گئے، سخت سیکورٹی انتظامات لاہور میں 19278 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا،یو ایچ ایس نے جوابی کلید ویب سائیٹ جاری کردی سرکاری کالجوں کی طرح پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں بھی داخلے میرٹ پر ہوں گے‘ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جنید سرفراز خان

اتوار 20 اگست 2017 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کے روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوا۔ٹیسٹ کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 28امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر65155 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 41563 طالبات جبکہ 23592طلبہ شامل تھے۔

5500سے زائد عملے نے نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ لاہور میں8امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جن میں لارنس روڈ پر بورڈ کے ایگزامینیشن ہالز، وحدت روڈ پر پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز، گورنمنٹ کمپر ی ہنسوو گرلز ہائی سکول وحدت روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹائون شپ، ڈی پی ایس ماڈل ٹائون ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ اور گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ شامل تھے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ صبح نو بجے شروع ہوا اور 12بجے اختتام پذیر ہوا۔ یو ایچ ایس کی ہدایت کے مطابق امیدوار صبح 6بجے سے ہی امتحانی مراکز پہنچنا شروع ہوگئے۔ ٹیسٹ کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ تمام امتحانی مراکز میں پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے سے ہی موجود تھی۔ اس کے علاوہ شہری دفاع کے رضاکار ،میڈیکل سٹاف اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔

سکیورٹی کے کام کی نگرانی متعلقہ ڈی پی اوز نے کی۔ اس موقع پرتمام امتحانی مراکز میں دفعہ144نافذ کی گئی تھی۔مزید برآں کلوز سرکٹ کیمرے، موبائل فون جامرز اور سکیورٹی واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے۔ امتحان کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے، پارکنگ اور بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین کے بیٹھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

لارنس روڈ سینٹر پر والدین کے بیٹھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باغ جناح میں انتظامات کیے گئے تھے۔ لاہور کے آٹھ امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر19278امیدواروں نی ٹیسٹ دیا جن میں سے 12573طالبات اور 6705طلبہ تھے۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینئر بیوروکریٹس اور اعلیٰ انتظامی افسران نے ٹیسٹ کی نگرانی کی۔

لاہور کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انٹری ٹیسٹ پرُ امن طریقے سے منعقد ہوا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ فیصل آباد سی6643، ساہیوال سے 3553، ملتان سی9969، بہاولپور سی3221، رحیم یار خان سی1997، سرگودھا سی2689، راولپنڈی سی7612، حسن ابدال سی685، گجرات سی1570 ، گوجرانوالہ سے 3382 ، سیالکوٹ سی2060جبکہ ڈی جی خان سی2496امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔

تمام سینٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ حادثات یا طبیعیت کی خرابی کی صورت میں محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس سال بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا ہے اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں ۔

مزید برآں یو ایچ ایس نے اتوار کے روز ہی مختلف کلرکوڈز کے پرچوں کی جوابی کلید اپنی ویب سائیٹ www.uhs.edu.pkپر جاری کردی جس کی مدد سے امیدوار اپنا رزلٹ خودتیار کرسکتے ہیں۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان ایک ہفتے میں کیا جائیگا۔اگلے مرحلے میں صرف وہی امیدوار اوپن میرٹ کی بنیادپر ایڈمیشن فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے جو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فارمولے کے مطابق 84فیصد یا اس سے زائد مجموعی نمبر حاصل کریں گے۔

ایڈمیشن فارم04 اکتوبرسے 14اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گے جن میں امیدوار کالجز کیلئے اپنی چوائس دیں گے۔ یہ ایڈمیشن فارم اور پراسپیکٹس یو ایچ ایس لاہور، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان سے ان تاریخوں کے دوران مفت دستیاب ہوں گے۔ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کیلئے پہلی لسٹ 30اکتوبر کو لگے گیجبکہ کلاسوں کا آغاز 13نومبر سے ہوگا۔

پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ 03سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی216نشستیں موجود ہیں ۔ مزید برآں یو ایچ ایس سے الحاق شدہ 21پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی259جبکہ9پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 555نشستیں ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلریو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جنید سرفراز خان نے کہا کہ سرکاری میڈیکل کالجوں کی طرح پرائیویٹ کالجوں میں داخلے بھی میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ہماری کوشش ہے کہ حق دار کو اس کا حق ملے۔انھوں کہا کہ یہ لوگوں کا ہمارے نظام پر اعتماد ہے کہ ہر سال انٹری ٹیسٹ دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میڈیکل ایسا شعبہ ہے جس میں صرف بہترین طلبہ کو داخلہ ملتا ہے۔ اس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔