Live Updates

پی ٹی آئی اور عمران نیازی کا سورج غروب ہورہا ہے‘ وقارمہدی

پی ٹی آئی شروع دن سے آج تک جھوٹ کی سیاست پر مبنی رہی ، بلندوباگ دعوے محض عوام کے ساتھ مذاق ہی رہے

اتوار 20 اگست 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے چیئرمین عمران نیازی کا سورج غروب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیپلز سیکریٹریٹ میں کراچی کے سیکریٹریز اطلاعات سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سینٹرل کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد مجید، کورنگی کے جانی میمن، شرقی کے وقاص شوکت، ویسٹ کے آصف خان، ملیر کے میر عباس تالپور اور خاتون اطلاعات سیکریٹری کراچی شاہینہ سعیدہ بھی موجود تھی۔

وقار مہدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شروع دن سے آج تک جھوٹ کی سیاست پر مبنی رہی جبکہ ان کے بلندوباگ دعوے محض عوام کے ساتھ مذاق ہی رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت میں دن بہ دن صحت، تعلیم اور روزگارکے مراکز کا فقدان بڑھتا جارہا ہے جبکہ بقول عمران نیازی کے سب صحیح کے راگ الاپنے سے ان کی قابلیت ظاہر ہوتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے وزیر صوبے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور ان کے وزراء کے خلاف آئے روز پریس کانفرنس میں کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں جن کی ابھی تک کوئی تفتیش عمل میں نہیں لائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران نیازی کے نئے پن کو جان چکی ہے وہ محض سیاست میں اپنے آقائوں کی خوشنودی حاصل اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کے لئے آئے ہیں ۔ وقار مہدی نے مزید کہا کہ عمران نیازی طالبان کے حامی اور ان کے چہیتے ہیں جنہوں نے طالبان کے مدرسے کو فنڈ کے ساتھ ساتھ ان کے دفاتر کھولنے کی بھی پیش کش کی اور آج بھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :