بھارتی شہر دارجلنگ میں بم دھماکے، ایک پولیس اہلکار ہلاک اور3زخمی

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر دارجلنگ میں نامعلوم موٹرسائیکل افراد نے تھانے پر دستی بم حملہ کیا

اتوار 20 اگست 2017 18:50

بھارتی شہر دارجلنگ میں بم دھماکے، ایک پولیس اہلکار ہلاک اور3زخمی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر دارجلنگ میں دو بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دارجیلنگ کے علاقے کلمپونگ میں نامعلوم موٹرسائیکل افراد نے تھانے پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور3 زخمی ہوگئے۔ دوسرا زوردار دھماکا دارجیلنگ کے علاقے چوک بازار میں ہوا جس میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تاہم آس پاس کھڑی گاڑیوں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی سے کیا گیا۔ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں جب کہ علیحدگی پسند تحریک گورکھا جانا مکتی مورچہ (جی جے ایم)کے رہنما بمل گورنگ کے خلاف تھانے پر حملے اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ادھر کلمپونگ میں ہی علیحدگی پسندوں نے مقامی انتظامیہ کا سرکاری دفتر بھی نذر آتش کردیا۔واضح رہے کہ بھارت میں دو ماہ سے دارجلنگ کو گورکھا لینڈ کے نام سے علیحدہ ریاست بنانے کے حق میں غیرمعینہ مدت کے لیے ہڑتال جاری ہے جب کہ کئی ماہ سے پرتشدد احتجاجی تحریک بھی چل رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :