بانی ایم کیو ایم اور کلبھوشن یادو کوپھانسی دی جائے ،سند ھ کے وزیر داخلہ کا مطالبہ

وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن کے حوالے سے بہت سے اعلانات کئے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ، بانی ایم کیوایم ملک کے غدار ہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو اور بانی ایم کیوایم کا جرم ایک ہی ہے دونوں کو پھانسی پر لٹکایا جانا چاہئے، سہیل انور سیال کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 اگست 2017 18:50

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیوایم اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کا جرم ایک ہی ہے دونوں کو پھانسی پر لٹکا دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن کے حوالے سے بہت سے اعلانات کئے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا لیکن ہم نے سندھ کے عوام سے امن بحال کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا گیا ہے اور کم وسائل کے باوجود بھی سندھ حکومت کراچی آپریشن کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم ملک کے غدار ہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو اور بانی ایم کیوایم کا جرم ایک ہی ہے دونوں کو پھانسی پر لٹکایا جانا چاہئے، 14 اگست کو بھی بانی ایم کیو ایم کے حکم پر یوم سیاہ منایا گیا یہ سب کام کرنے والے ملک کے غدار ہیں ان کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔